وَإِن تَوَلَّوْا فَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ مَوْلَاكُمْ ۚ نِعْمَ الْمَوْلَىٰ وَنِعْمَ النَّصِيرُ
اور اگر وہ (اسلام سے) منہ موڑیں ، تو جانو کہ خدا تمہارا حمایتی ہے اور وہ اچھا حمایتی ہے اور اچھا مددگار ۔
﴿ وَإِن تَوَلَّوْا ﴾ ” اور اگر وہ روگردانی کریں۔“ یعنی اگر اطاعت سے منہ موڑ کر کفر و سرکشی میں سرگرم ہوجائیں۔ ﴿ فَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّـهَ مَوْلَاكُمْ ۚ نِعْمَ الْمَوْلَىٰ ﴾ ” تو جان لو کہ اللہ تمہارا حمایتی ہے، کیا اچھا حمایتی ہے“ جو اپنے مومن بندوں کی سرپرستی کرتا ہے، انہیں ان کے مصالح بہم پہنچاتا ہے اور ان کے لئے دینی اور دنیاوی فوائد کے حصول میں آسانیاں پیدا کرتا ہے۔ ﴿وَنِعْمَ النَّصِيرُ﴾ ” اور کیا اچھا مددگار ہے“ جو ان کی مدد کرتا ہے، ان کے خلاف فساق و فجار کی سازشوں کو ناکام بناتا ہے اور اشرار کی عداوت سے حفاظت کرتا ہے اور جس کا سرپرست اور حامی و ناصر اللہ تعالیٰ ہو تو اسے کسی قسم کا خوف نہیں ہوتا اور جس کا اللہ تعالیٰ مخالف ہو اسے کوئی مدد اور سہارا نہیں دے سکتا۔