سورة النمل - آیت 49

قَالُوا تَقَاسَمُوا بِاللَّهِ لَنُبَيِّتَنَّهُ وَأَهْلَهُ ثُمَّ لَنَقُولَنَّ لِوَلِيِّهِ مَا شَهِدْنَا مَهْلِكَ أَهْلِهِ وَإِنَّا لَصَادِقُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

وہ بولے باہم اللہ کی قسم کھاؤ کہ ہم صالح اور اس کے گھر والوں پر شبخون ماریں گے پھر ہم اس کے ولی (یعنی دعوےٰ کرنے والے) سے کہیں گے کہ ہم اس کے گھر ان کی ہلاکت کے وقت حاضر نہ تھے اور بےشک ہم سچے (ف 1) ہیں۔

تفسیر مکہ - حافظ صلاح الدین یوسف حافظ

* یعنی صالح (عليہ السلام) کو اور اس کے گھر والوں کو قتل کردیں گے، یہ قسمیں انہوں نے اس وقت کھائیں، جب اونٹنی کے قتل کے بعد حضرت صالح (عليہ السلام) نے کہاکہ تین دن کے بعد تم پر عذاب آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عذاب کے آنے سے قبل ہی ہم صالح (عليہ السلام) اور ان کے گھر والوں کا صفایا کردیں۔ ** یعنی ہم قتل کے وقت وہاں موجود نہ تھے نہ ہمیں اس بات کا علم ہے کہ کون انہیں قتل کرگیا ہے۔