يَا أَهْلَ الْكِتَابِ لَا تَغْلُوا فِي دِينِكُمْ وَلَا تَقُولُوا عَلَى اللَّهِ إِلَّا الْحَقَّ ۚ إِنَّمَا الْمَسِيحُ عِيسَى ابْنُ مَرْيَمَ رَسُولُ اللَّهِ وَكَلِمَتُهُ أَلْقَاهَا إِلَىٰ مَرْيَمَ وَرُوحٌ مِّنْهُ ۖ فَآمِنُوا بِاللَّهِ وَرُسُلِهِ ۖ وَلَا تَقُولُوا ثَلَاثَةٌ ۚ انتَهُوا خَيْرًا لَّكُمْ ۚ إِنَّمَا اللَّهُ إِلَٰهٌ وَاحِدٌ ۖ سُبْحَانَهُ أَن يَكُونَ لَهُ وَلَدٌ ۘ لَّهُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ ۗ وَكَفَىٰ بِاللَّهِ وَكِيلًا
اے اہل کتاب ! اپنے دین میں مبالغہ نہ کرو ، اور خدا کی نسبت صرف حق بات بولو ، مسیح (علیہ السلام) عیسیٰ بن مریم (علیہ السلام) تو صرف اللہ کا رسول اور اس کا کلمہ (ف ١) ہے جسے اس نے مریم علیہا السلام کی طرف ڈالا تھا اور روح ہے اس کی طرف سے ، پس تم اللہ اور اس کے رسولوں پر ایمان لاؤ اور تین نہ کہو ، باز آؤ ، تمہارے لئے بہتر ہے جو ہے وہ تو ایک ہی معبود ہے ، وہ اس بات سے پاک ہے کہ اس کے کوئی بیٹا ہو ، جو کچھ آسمان اور زمین میں ہے سب اسی کا ہے اور اللہ کارساز کافی ہے ۔
اپنی اوقات میں رہو حد سے تجاوز نہ کرو! اہل کتاب کو زیادتی سے اور حد سے آگے بڑھ جانے سے اللہ تعالیٰ روک رہا ہے ۔ عیسائی عیسیٰ علیہ السلام کے بارے میں حد سے نکل گئے تھے اور نبوت سے بڑھا کر الوہیت تک پہنچا رہے تھے ۔ بجائے ان کی اطاعت کرنے کے عبادت کرنے لگے تھے ، بلکہ اور بزرگان دین کی نسبت بھی ان کا عقیدہ خراب ہو چکا تھا ، وہ انہیں بھی جو عیسائی دین کے عالم اور عامل تھے معصوم محض جاننے لگ گئے تھے ۔ اور یہ خیال کر لیا تھا کہ جو کچھ یہ ائمہ دین کہہ دیں اس کا ماننا ہمارے لیے ضروری ہے ، سچ و جھوٹ ، حق و باطل ، ہدایت و ضلالت کے پرکھنے کا کوئی حق ہمیں حاصل نہیں ۔ جس کا ذکر قرآن کی اس آیت میں ہے آیت «اِتَّخَذُوْٓا اَحْبَارَہُمْ وَرُہْبَانَہُمْ اَرْبَابًا مِّنْ دُوْنِ اللّٰہِ وَالْمَسِیْحَ ابْنَ مَرْیَمَ» ۱؎ (9-التوبۃ:31) مسند احمد میں ہے { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” مجھے تم ایسا نہ بڑھانا جیسا نصاریٰ نے عیسیٰ بن مریم علیہ السلام کو بڑھایا ، میں تو صرف ایک بندہ ہوں پس تم مجھے عبداللہ اور رسول اللہ کہنا ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:3445) یہ حدیث بخاری وغیرہ میں بھی ہے اسی کی سند ایک حدیث میں ہے کہ کسی شخص نے آپ سے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! اے ہمارے سردار اور سردار کے لڑکے ، اے ہم سب سے بہتر اور بہتر کے لڑکے ! تو آپ نے فرمایا ” لوگو اپنی بات کا خود خیال کر لیا کرو تمہیں شیطان بہکا نہ دے ، میں محمد بن عبداللہ ہوں ، میں اللہ کا غلام اور اس کا رسول ہوں ، قسم اللہ کی میں نہیں چاہتا کہ تم مجھے میرے مرتبے سے بڑھا دو “ ۔ ۱؎ (سنن نسائی:10078،قال الشیخ الألبانی:صحیح) پھر فرماتا ہے اللہ پر افتراء نہ باندھو ، اس سے بیوی اور اولاد کو منسوب نہ کرو ، اللہ اس سے پاک ہے ، اس سے دور ہے ، اس سے بلند و بالا ہے ، اس کی بڑائی اور عزت میں کوئی اس کا شریک نہیں ، اس کے سوا نہ تو کوئی معبود اور نہ رب ہے ۔ مسیح عیسیٰ بن مریم علیہ السلام رسول اللہ ہیں ، وہ اللہ کے غلاموں میں سے ایک غلام ہیں اور اس کی مخلوق ہیں ، وہ صرف کلمہ کن کے کہنے سے پیدا ہوئے ہیں ۔ ۱؎ (تفسیر ابن ابی حاتم:1123/4) جس کلمہ کو لے کر جبرائیل علیہ السلام مریم صدیقہ علیہا السلام کے پاس گئے اور اللہ کی اجازت سے اسے ان میں پھونک دیا پس عیسیٰ علیہ السلام پیدا ہوئے ۔ چونکہ محض اسی کلمہ سے بغیر باپ کے آپ پیدا ہوئے ، اس لیے خصوصیت سے کلمتہ اللہ کہا گیا ۔ قرآن کی ایک اور آیت میں ہے آیت «مَا الْمَسِیْحُ ابْنُ مَرْیَمَ اِلَّا رَسُوْلٌ ۚ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِہِ الرٰسُلُ» (5-المائدۃ:75) ’ یعنی مسیح بن مریم صرف رسول اللہ ہیں ان سے پہلے بھی بہت سے رسول گذر چکے ہیں ‘ ان کی والدہ سچی ہیں ، یہ دونوں کھانا کھایا کرتے تھے ۔ اور آیت میں ہے«اِنَّ مَثَلَ عِیْسٰی عِنْدَ اللّٰہِ کَمَثَلِ اٰدَمَ ۭخَلَقَہٗ مِنْ تُرَابٍ ثُمَّ قَالَ لَہٗ کُنْ فَیَکُوْنُ» ۱؎ (3-آل عمران:59) ’ عیسیٰ کی مثال اللہ کے نزدیک آدم کی طرح ہے جسے مٹی سے بنا کر فرمایا ہو جا پس وہ ہو گیا ۔ ‘ قرآن کریم اور جگہ فرماتا ہے آیت «وَالَّتِیْٓ اَحْصَنَتْ فَرْجَہَا فَنَفَخْنَا فِیْہَا مِنْ رٰوْحِنَا وَجَعَلْنٰہَا وَابْنَہَآ اٰیَۃً لِّـلْعٰلَمِیْنَ»(21-الأنبیاء:91) ’ جس نے اپنی شرمگاہ کی حفاظت کی اور ہم نے اپنی روح پھونکی اور خود اسے اور اس کے بچے کو لوگوں کے لیے اپنی قدرت کی علامت بنایا ۔ ‘ اور جگہ فرمایا آیت «وَمَرْیَمَ ابْنَتَ عِمْرٰنَ الَّتِیْٓ اَحْصَنَتْ فَرْجَہَا فَنَفَخْنَا فِیْہِ مِنْ رٰوْحِنَا وَصَدَّقَتْ بِکَلِمٰتِ رَبِّہَا وَکُتُبِہٖ وَکَانَتْ مِنَ الْقٰنِتِیْنَ» (66-التحریم:12) عیسیٰ کی بابت ایک اور آیت میں ہے آیت «اِنْ ہُوَ اِلَّا عَبْدٌ اَنْعَمْنَا عَلَیْہِ وَجَعَلْنٰہُ مَثَلًا لِّبَنِیْٓ اِسْرَاۗءِیْلَ» (43-الزخرف:59)( 43 ۔ الزخرف : 59 ) ، ’ وہ ہمارا ایک بندہ تھا جس پر ہم نے انعام کیا ۔ ‘ پس یہ مطلب نہیں کہ خود کلمتہ الٰہی عیسیٰ علیہ السلام بن گیا بلکہ کلمہ الٰہی سے عیسیٰ علیہ السلام پیدا ہوئے ۔ امام ابن جریر رحمہ اللہ نے آیت «اذْ قَالَتِ الْمَلٰۗیِٕکَۃُ یٰمَرْیَمُ اِنَّ اللّٰہَ یُبَشِّرُکِ بِکَلِمَۃٍ مِّنْہُ» (3-آل عمران:45) کی تفسیر میں جو کچھ کہا ہے اس سے یہ مراد ٹھیک ہے کہ اللہ تعالیٰ کا کلمہ جو جبرائیل علیہ السلام کی معرفت پھونکا گیا ، اس سے عیسیٰ علیہ السلام پیدا ہوئے ۔ صحیح بخاری میں ہے { جس نے بھی اللہ کے ایک اور لا شریک ہونے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے عبد و رسول ہونے کی عیسیٰ علیہ السلام کے عبد و رسول ہونے اور یہ کہ آپ اللہ کے کلمہ سے تھے جو مریم رضی اللہ عنہا کی طرف پھونکا گیا تھا اور اللہ کی پھونکی ہوئی روح تھے اور جس نے جنت دوزخ کو برحق مانا وہ خواہ کیسے ہی اعمال پر ہو ، اللہ پر حق ہے کہ اسے جنت میں لے جائے ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:3435) ایک روایت میں اتنی زیادہ بھی ہے کہ { جنت کے آٹھوں دروازوں میں سے جس سے چاہے داخل ہو جائے ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:3435) جیسے کہ جناب عیسیٰ علیہ السلام کو آیت و حدیث میں «روح منہ» کہا ہے ایسے ہی قرآن کی ایک آیت میں ہے آیت «وَسَخَّرَ لَکُمْ مَّا فِی السَّمٰوٰتِ وَمَا فِی الْاَرْضِ جَمِیْعًا مِّنْہُ» (45-الجاثیۃ:13) ’ اس نے مسخر کیا تمہارے لیے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے ، تمام کا تمام اپنی طرف سے ۔ ‘ یعنی اپنی مخلوق اور اپنے پاس سے یہ مطلب «روح منہ» کا ہے ۔ پس لفظ«من تبعیض» [ اس کا حصہ ] کے لیے نہیں جیسے ملعون نصرانیوں کا خیال ہے کہ عیسیٰ علیہ السلام اللہ کا ایک جزو تھے بلکہ «من» ابتداء کے لیے ہے ۔ جیسے کہ دوسری آیت میں ہے«مَّا الْمَسِیحُ ابْنُ مَرْیَمَ إِلَّا رَسُولٌ قَدْ خَلَتْ مِن قَبْلِہِ الرٰسُلُ وَأُمٰہُ صِدِّیقَۃٌ» (5-المائدۃ:75) ، مجاہد رحمہ اللہ فرماتے ہیں «روح منہ» سے مراد «رسول منہ» ہے ۔ اور لوگ کہتے ہیں آیت «محبتہ منہ» لیکن زیادہ قوی پہلا قول ہے یعنی آپ پیدا کئے گئے ہیں ، روح سے جو خود اللہ کی مخلوق ہے ۔ پس آپ کو روح اللہ کہنا ایسا ہی ہے جیسے «ناقتہ اللہ» اور «بت اللہ» کہا گیا ہے یعنی صرف اس کی عظمت کے اظہار کے لیے اپنی طرف نسبت کی اور حدیث میں بھی ہے کہ ”میں اپنے رب کے پاس اس کے گھر میں جاؤں گا ۔ “ پھر فرماتا ہے تم اس کا یقین کر لو کہ اللہ واحد ہے بیوی بچوں سے پاک ہے اور یقین مان لو کہ جناب عیسیٰ اللہ کا کلام اللہ کی مخلوق اور اس کے برگزیدہ رسول ہیں ۔ تم تین نہ کہو یعنی عیسیٰ علیہ السلام اور مریم رضی اللہ عنہا کو اللہ کا شریک نہ بناؤ اللہ کی الوہیت شرکت سے مبرا ہے ۔ سورۃ المائدہ میں فرمایا آیت «لَقَدْ کَفَرَ الَّذِیْنَ قَالُوْٓا اِنَّ اللّٰہَ ثَالِثُ ثَلٰثَۃٍ وَمَا مِنْ إِلٰہٍ إِلَّا إِلٰہٌ وَاحِدٌ» ۱؎ (5-المائدۃ:73) ’ یعنی جو کہتے ہیں کہتے ہیں کہ اللہ تین میں کا تیسرا ہے وہ کافر ہو گئے ، اللہ تعالیٰ ایک ہی ہے ، اس کے سوا کوئی اور لائق عبادت نہیں ۔ ‘ سورۃ المائدہ کے آخر میں ہے کہ قیامت کے دن عیسیٰ علیہ السلام سے سوال ہو گا کہ« وَإِذْ قَالَ اللہُ یَا عِیسَی ابْنَ مَرْیَمَ أَأَنتَ قُلْتَ لِلنَّاسِ اتَّخِذُونِی وَأُمِّیَ إِلٰہَیْنِ مِن دُونِ اللہِ » ۱؎ (5-المائدۃ:116) ’ اپنی اور اپنی والدہ کی عبادت کا حکم لوگوں کو تم نے دیا تھا ، آپ صاف طور پر انکار کر دیں گے ۔ ‘ نصرانیوں کا اس بارے میں کوئی اصول ہی نہیں ہے ، وہ بری طرح بھٹک رہے ہیں اور اپنے آپ کو برباد کر رہے ہیں ۔ ان میں سے بعض تو عیسیٰ کو خود اللہ مانتے ہیں ، بعض شریک الہیہ مانتے اور بعض اللہ کا بیٹا کہتے ہیں ۔ سچ تو یہ ہے کہ اگر دس نصرانی جمع ہوں تو ان کے خیالات گیارہ ہوں گے ۔ سعید بن بطریق اسکندری جو سن 400 ھ کے قریب گذرا ہے اس نے اور بعض ان کے اور بڑے علماء نے ذکر کیا ہے کہ قسطنطین بانی قسطنطنیہ کے زمانے میں اس وقت کے نصرانیوں کا اس بادشاہ کے حکم سے اجتماع ہوا ، جس میں دو ہزار سے زیادہ ان کے مذہبی پیشوا شامل ہوتے تھے ، باہم ان کے اختلاف کا یہ حال تھا کہ کسی بات پر ستر اسی آدمیوں کا اتفاق مفقود تھا ، دس کا عقیدہ ایک ہے ، بیس کا ایک خیال ہے ، چالیس اور ہی کچھ کہتے ہیں ، ساٹھ اور طرف جا رہے ہیں ، غرض ہزار ہا کی تعداد میں سے بہ مشکل تمام تین سو اٹھارہ آدمی ایک قول پر جمع ہوئے ۔ بادشاہ نے اسی عقیدہ کو لے لیا ، باقی کو چھوڑ دیا اور اسی کی تائید و نصرت کی اور ان کے لیے کلیساء اور گرجے بنا دئے اور کتابیں لکھوا دیں ، قوانین ضبط کر دئے ، یہیں انہوں نے امانت کبریٰ کا مسئلہ گھڑا ، جو دراصل بدترین خیانت ہے ، ان لوگوں کو ملکانیہ کہتے ہیں ۔ پھر دوبارہ ان کا اجتماع ہوا ، اس وقت جو فرقہ بنا اس کا نام یعقوبیہ ہے ۔ پھر تیسری مرتبہ کے اجتماع میں جو فرقہ بنا اس کا نام نسطوریہ ہے ، یہ تینوں فرقے اقالیم ثلثہ کو عیسیٰ علیہ السلام کے لیے ثابت کرتے ہیں ، ان میں بھی باہم دیگر اختلاف ہے اور ایک دوسرے کو کافر کہتے ہیں اور ہمارے نزدیک تو تینوں کافر ہیں ۔ اللہ فرماتا ہے اس شرک سے باز آؤ ، باز رہنا ہی تمہارے لیے اچھا ہے ، اللہ تو ایک ہی ہے ، وہ توحید والا ہے ، اس کی ذات اس سے پاک ہے کہ اس کے ہاں اولاد ہو ۔ تمام چیزیں اس کی مخلوق ہیں اور اس کی ملکیت میں ہیں ، سب اس کی غلامی میں ہیں اور سب اس کے قبضے میں ہیں ، وہ ہرچیز پر وکیل ہے ، پھر مخلوق میں سے کوئی اس کی بیوی اور کوئی اس کا بچہ کیسے ہو سکتا ہے ؟ دوسری آیت میں ہے آیت «بَدِیْعُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ ۭ اَنّٰی یَکُوْنُ لَہٗ وَلَدٌ وَّلَمْ تَکُنْ لَّہٗ صَاحِبَۃٌ» ۱؎ (6-الأنعام:101) ’ یعنی وہ تو آسمان و زمین کی ابتدائی آفرنیش کرنے والا ہے ، اس کا لڑکا کیسے ہو سکتا ہے ؟‘ ‘ سورۃ مریم میں آیت «وَقَالُوا اتَّخَذَ الرَّحْمٰنُ وَلَدًا » [ ٨٨] «لَّقَدْ جِئْتُمْ شَیْئًا إِدًّا» [ ٨٩ ] «تَکَادُ السَّمَاوَاتُ یَتَفَطَّرْنَ مِنْہُ وَتَنشَقٰ الْأَرْضُ وَتَخِرٰ الْجِبَالُ ہَدًّا» [ ٩٠ ] «أَن دَعَوْا لِلرَّحْمٰنِ وَلَدًا » [ ٩١ ] « وَمَا یَنبَغِی لِلرَّحْمٰنِ أَن یَتَّخِذَ وَلَدًا » [ ٩٢ ] « إِن کُلٰ مَن فِی السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ إِلَّا آتِی الرَّحْمٰنِ عَبْدًا » [ ٩٣ ] « لَّقَدْ أَحْصَاہُمْ وَعَدَّہُمْ عَدًّا » [ ٩٤ ] « وَکُلٰہُمْ آتِیہِ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ فَرْدًا » ۱؎ (19-مریم:88-95) تک بھی اس کا مفصلاً انکار فرمایا ہے ۔