قُلْ مَن يَرْزُقُكُم مِّنَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۖ قُلِ اللَّهُ ۖ وَإِنَّا أَوْ إِيَّاكُمْ لَعَلَىٰ هُدًى أَوْ فِي ضَلَالٍ مُّبِينٍ
تو کہہ آسمانوں اور زمین میں سے تمہیں رزق کون دیتا ہے ؟ تو کہہ کہ اللہ اور یا ہم تم البتہ ہدایت پر ہیں یا صریح گمراہی میں (آخر کوئی تو سچاہے ذرا سوچو)۔
اللہ عزوجل کی صفات اللہ تعالیٰ اس بات کو ثابت کر رہا ہے کہ صرف وہی خالق و رازق ہے اور صرف وہی الوہیت والا ہے ۔ جیسے ان لوگوں کو اس کا اقرار ہے کہ آسمان سے بارشیں برسانے والا زمینوں سے اناج اگانے والا صرف اللہ تعالیٰ ہی ہے ایسے ہی انہیں یہ بھی مان لینا چاہئے کہ عبادت کے لائق بھی فقط وہی ہے ۔ پھر فرماتا ہے کہ جب ہم تم میں اتنا بڑا اختلاف ہے تو لامحالہ ایک ہدایت پر اور دوسرا ضلالت پر ہے یہ نہیں ہو سکتا کہ دونوں فریق ہدایت پر ہوں یا دونوں ضلالت پر ہوں ۔ ہم موحد ہیں اور توحید کے دلائل کھلم کھلا اور واضح ہم بیان کر چکے ہیں اور تم شرک پر ہو جس کی دلیل تمہارے پاس نہیں ۔ پس یقیناً ہم ہدایت پر اور یقیناً تم ضلالت پر ہو ۔ اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے مشرکوں سے یہی کہا تھا کہ ہم فریقین میں سے ایک ضرور سچا ہے ۔ کیونکہ اس قدر تضاد و تباین کے بعد دونوں کا سچا ہونا تو عقلاً محال ہے ۔ اس آیت کے ایک معنی یہ بھی بیان کئے گئے ہیں کہ ہم ہی ہدات پر اور تم ضلالت پر ہو ، ہمارا تمہارا بالکل کوئی تعلق نہیں ۔ ہم تم سے اور تمہارے اعمال سے بری الذمہ ہیں ۔ ہاں جس راہ ہم چل رہے ہیں اسی راہ پر تم بھی آ جاؤ تو بیشک تم ہمارے ہو اور ہم تمہارے ہیں ورنہ ہم تم میں کوئی تعلق نہیں ۔ اور ایک آیت میں بھی ہے کہ اگر یہ تجھے جھٹلائیں تو کہہ دے کہ میرا عمل میرے ساتھ ہے اور تمہارا عمل تمہارے ساتھ ہے ، تم میرے اعمال سے چڑتے ہو اور میں تمہارے کرتوت سے بیزار ہوں ۔ سورۃ «قُلْ یَا أَیٰہَا الْکَافِرُونَ ١ لَا أَعْبُدُ مَا تَعْبُدُونَ ٢ وَلَا أَنتُمْ عَابِدُونَ مَا أَعْبُدُ ٣ وَلَا أَنَا عَابِدٌ مَّا عَبَدتٰمْ ٤ وَلَا أَنتُمْ عَابِدُونَ مَا أَعْبُدُ ٥ لَکُمْ دِینُکُمْ وَلِیَ دِینِ ٦» ۱؎ (109-الکافرون:1) الخ ، میں بھی اسی بےتعلقی اور برات کا ذکر ہے ، رب العالمین تمام عالم کو میدان قیامت میں اکٹھا کر کے سچے فیصلے کر دے گا ۔ نیکوں کو ان کی جزا اور بدوں کو ان کی سزا دے گا ۔ اسی دن تمہیں ہماری حقانیت و صداقت معلوم ہو جائے گی ۔ جیسے ارشاد ہے «وَیَوْمَ تَقُوْمُ السَّاعَۃُ یَوْمَیِٕذٍ یَّتَفَرَّقُوْنَ» ۱؎ (30-الروم:14-16) الخ ، ’ قیامت کے دن سب جدا جدا ہو جائیں گے ۔ ایماندار جنت کے پاک باغوں میں خوش وقت و فرحان ہوں گے اور ہماری آیتوں اور آخرت کے دن کو جھٹلانے والے ، کفر کرنے والے ، دوزخ کے گڑھوں میں حیران و پریشان ہوں گے ۔ ‘ وہ حاکم و عادل ہے ، حقیقت کا پورا علم ہے ، تم اپنے ان معبودوں کو ذرا مجھے بھی تو دکھاؤ ۔ لیکن کہاں سے ثبوت دے سکو گے ۔ جبکہ میرا رب لانظیر ، بےشریک اور عدیم المثیل ہے ، وہ اکیلا ہے ، وہ ذی عزت ہے جس نے سب کو اپنے قبضے میں کر رکھا ہے اور ہر ایک پر غالب آ گیا ہے ۔ حکیم ہے اپنے اقوال و افعال میں ۔ اس طرح شریعت اور تقدیر میں بھی ۔ برکتوں والا بلندیوں والا پاک منزہ اور مشرکوں کی تمام تہمتوں سے الگ ہے ۔