وَاللَّهُ خَلَقَ كُلَّ دَابَّةٍ مِّن مَّاءٍ ۖ فَمِنْهُم مَّن يَمْشِي عَلَىٰ بَطْنِهِ وَمِنْهُم مَّن يَمْشِي عَلَىٰ رِجْلَيْنِ وَمِنْهُم مَّن يَمْشِي عَلَىٰ أَرْبَعٍ ۚ يَخْلُقُ اللَّهُ مَا يَشَاءُ ۚ إِنَّ اللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
اور اللہ نے ہر پھرنے والا پانی سے پیدا کیا ، سو ان میں بعض اپنے پیٹ کے بل چلتے ، اور بعض دو پیروں پر چلتے ، اور بعض چار پیروں پر چلتے ہیں ، اللہ جو چاہے ، پیدا کرے ، بےشک اللہ ہر شئے پر قادر ہے ۔
ایک ہی پانی اور مختلف اجناس کی پیدائش اللہ تعالیٰ اپنی کامل قدرت اور زبردست سلطنت کا بیان فرماتا ہے کہ ’ اس نے ایک ہی پانی سے طرح طرح کی مخلوق پیدا کر دی ہے ۔ سانپ وغیرہ کو دیکھو جو اپنے پیٹ کے بل چلتے ہیں ۔ انسان اور پرند کو دیکھو ان کے دوپاؤں ہوتے ہیں ۔ حیوانوں اور چوپاوں کو دیکھو وہ چار پاؤں پر چلتے ہیں ، وہ بڑا قادر ہے جو چاہتا ہے ہو جاتا ہے جو نہیں چاہتا ہرگز نہیں ہوسکتا ، وہ قادر کل ہے ‘ ۔