سورة الحج - آیت 41

الَّذِينَ إِن مَّكَّنَّاهُمْ فِي الْأَرْضِ أَقَامُوا الصَّلَاةَ وَآتَوُا الزَّكَاةَ وَأَمَرُوا بِالْمَعْرُوفِ وَنَهَوْا عَنِ الْمُنكَرِ ۗ وَلِلَّهِ عَاقِبَةُ الْأُمُورِ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

وہ لوگ کہ اگر ہم زمین میں انہیں مقدور (یعنی طاقت) دیں تو نماز پڑھیں ، اور زکوۃ دیں ، اور بھلائی کا حکم کریں ، اور بری بات سے منع کریں ، اور سب معاملات کا انجام اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ (ف ١)

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

پابندی احکامات کی تاکید سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ” یہ آیت ہمارے بارے میں اتری ہے ۔ ہم بےسبب خارج ازوطن کئے گئے تھے ، پھر ہمیں اللہ نے سلطنت دی ، ہم نے نماز و روزہ کی پابندی کی بھلے احکام دئیے اور برائی سے روکنا جاری کیا ۔ پس یہ آیت میرے اور میرے ساتھیوں کے بارے میں ہے “ ۔ ابوالعالیہ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں ” مراد اس سے اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہیں “ ۔ خلیفہ رسول عمر بن عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے خطبے میں اس آیت «الَّذِینَ إِن مَّکَّنَّاہُمْ فِی الْأَرْضِ أَقَامُوا الصَّلَاۃَ وَآتَوُا الزَّکَاۃَ وَأَمَرُوا بِالْمَعْرُوفِ وَنَہَوْا عَنِ الْمُنکَرِ وَلِلہِ عَاقِبَۃُ الْأُمُورِ» ۱؎ (22-الحج:41) کی تلاوت فرما کر فرمایا ” اس میں بادشاہوں کا بیان ہی نہیں بلکہ بادشاہ رعایا دونوں کا بیان ہے ۔ بادشاہ پر تو یہ ہے کہ حقوق الٰہی تم سے برابر لے اللہ کے حق کی کوتاہی کے بارے میں تمہیں پکڑے اور ایک کا حق دوسرے سے دلوائے اور جہاں تک ممکن ہو تمہیں صراط مستقیم سمجھاتا رہے ۔ تم پر اس کا یہ حق ہے کہ ظاہر وباطن خوشی خوشی اس کی اطاعت گزاری کرو “ ۔ عطیہ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں اسی آیت کامضمون آیت «وَعَدَ اللّٰہُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مِنْکُمْ وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَیَسْتَخْلِفَنَّہُمْ فِی الْاَرْضِ کَمَا اسْتَخْلَفَ الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِہِمْ» ۱؎ (24-النور:55) میں ہے ۔ کاموں کا انجام اللہ کے ہاتھ ہے ۔ «وَالْعَاقِبَۃُ لِلْمُتَّقِینَ» ۱؎ (28-القص:83) عمدہ نتیجہ پرہیزگاروں کا ہو گا ۔ ہرنیکی کا بدلہ اسی کے ہاں ہے ۔