وَمَا أَرْسَلْنَا قَبْلَكَ إِلَّا رِجَالًا نُّوحِي إِلَيْهِمْ ۖ فَاسْأَلُوا أَهْلَ الذِّكْرِ إِن كُنتُمْ لَا تَعْلَمُونَ
اور تجھ سے پہلے جو ہم نے بھیجے وہ بھی آدمی ہی تھے ان پر ہم وحی بھیجتے تھے ، سو اگر تم نہیں جانتے تو یاد رکھنے والوں (یعنی اہل کتاب) سے پوچھ لو (ف ١) ۔
مشرکین مکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بشریت کے منکر تھے چونکہ مشرکین اس کے منکر تھے کہ انسانوں میں سے کوئی انسان اللہ کا رسول ہو ، اس لیے اللہ تعالیٰ ان کے اس عقیدے کی تردید کرتا ہے ۔ فرماتا ہے ، ’ تجھ سے پہلے جتنے رسول آئے سب انسان ہی تھے ، ان میں ایک بھی فرشتہ نہ تھا ‘ ۔ جیسے دوسری آیت میں ہے «وَمَا أَرْسَلْنَا مِن قَبْلِکَ إِلَّا رِجَالًا نٰوحِی إِلَیْہِم مِّنْ أَہْلِ الْقُرَیٰ» ۱؎ (12-یوسف:109) یعنی ’ تجھ سے پہلے ہم نے جتنے رسول بھیجے اور ان کی طرف وحی نازل فرمائی ، سب شہروں کے رہنے والے انسان ہی تھے ‘ ۔ اور آیت میں ہے «قُلْ مَا کُنْتُ بِدْعًا مِّنَ الرٰسُلِ» ۱؎ (46-الأحقاف:9) یعنی ’ کہہ دے کہ میں کوئی نیا اور انوکھا اور سب سے پہلا رسول تو ہوں ہی نہیں ‘ ۔ ان کافروں سے پہلے کے کفار نے بھی نبیوں کے نہ ماننے کا یہی حیلہ اٹھایا تھا جسے قرآن نے بیان فرمایا کہ انہوں نے کہا تھا آیت «أَبَشَرٌ یَہْدُونَنَا» ۱؎ (64-التغابن:6) ’ کیا ایک انسان ہمارا رہبر ہو گا ؟ ‘ اللہ تعالیٰ اس آیت میں فرماتا ہے کہ ’ اچھا تم اہل علم سے [ یعنی یہودیوں اور نصرانیوں سے ] اور دوسرے گروہ سے پوچھ لو کہ ان کے پاس انسان ہی رسول بنا کر بھیجے گئے تھے یا فرشتے ؟ ‘ یہ بھی اللہ کا احسان ہے کہ انسانوں کے پاس انہی جیسے انسانوں کو رسول بنا کر بھیجتا ہے تاکہ لوگ ان کے پاس بیٹھ اٹھ سکیں ، ان کی تعلیم حاصل کرسکیں اور ان کی باتیں سن سمجھ سکیں ۔ کیا وہ اگلے پیغمبر سب کے سب ایسے جسم کے نہ تھے جو کھانے پینے کی حاجت نہ رکھتے ہوں ۔ بلکہ وہ کھانے پینے کے محتاج تھے ۔ جیسے فرمان ہے آیت «وَمَآ اَرْسَلْنَا قَبْلَکَ مِنَ الْمُرْسَلِیْنَ اِلَّآ اِنَّہُمْ لَیَاْکُلُوْنَ الطَّعَامَ وَیَمْشُوْنَ فِی الْاَسْوَاقِ» ۱؎ (25-الفرقان:20) یعنی ’ تجھ سے پہلے جتنے رسول ہم نے بھیجے ، وہ سب کھانا کھایا کرتے تھے اور بازاروں میں آمد و رفت بھی کرتے تھے ‘ یعنی وہ سب انسان تھے ، انسانوں کی طرح کھاتے پیتے تھے اور کام کاج ، بیوپار ، تجارت کے لیے بازاروں میں بھی آنا جانا رکھتے تھے ۔ پس یہ بات ان کی پیغمبری کے منافی نہیں ۔ جیسے مشرکین کا قول تھا آیت «وَقَالُوا مَالِ ہٰذَا الرَّسُولِ یَأْکُلُ الطَّعَامَ وَیَمْشِی فِی الْأَسْوَاقِ لَوْلَا أُنزِلَ إِلَیْہِ مَلَکٌ فَیَکُونَ مَعَہُ نَذِیرًا أَوْ یُلْقَیٰ إِلَیْہِ کَنزٌ أَوْ تَکُونُ لَہُ جَنَّۃٌ یَأْکُلُ مِنْہَا وَقَالَ الظَّالِمُونَ إِن تَتَّبِعُونَ إِلَّا رَجُلًا مَّسْحُورًا» ۱؎ (25-الفرقان:7 ، 8) ، یعنی ’ یہ رسول کیسا ہے ؟ جو کھاتا پیتا ہے اور بازاروں میں آتا جاتا ہے ۔ اس کے پاس کوئی فرشتہ کیوں نہیں اترتا کہ وہ بھی اس کے ساتھ اس کے دین کی تبلیغ کرتا ۔ اچھا یہ نہیں تو اسے کسی خزانے کا مالک کیوں نہیں کر دیا جاتا یا اسے کوئی باغ ہی دے دیا جاتا جس سے یہ با فراغت کھا پی تو لیتا ‘ ، الخ ۔ اسی طرح اگلے پیغمبر بھی دنیا میں نہ رہے ، آئے اور گئے جیسے فرمان ہے آیت «وَمَا جَعَلْنَا لِبَشَرٍ مِّنْ قَبْلِکَ الْخُلْدَ» ۱؎ (21-الأنبیاء:34) یعنی ’ تجھ سے پہلے بھی ہم نے کسی انسان کو دوام نہیں بخشا ۔ ان کے پاس البتہ وحی الٰہی آتی رہی ۔ فرشتہ اللہ کے حکم احکام پہنچا دیا کرتا تھا ۔ پھر رب کا جو وعدہ ان سے تھا ، وہ سچا ہو کر رہا ‘ یعنی ان کے مخالفین بوجہ اپنے ظلم کے تباہ ہو گئے ۔ اور پیغمبر علیہم السلام نجات پاگئے ان کے تابعدار بھی کامیاب ہوئے ۔ اور حد سے گزر جانے والوں کو یعنی نبیوں کے جھٹلانے والوں کو اللہ نے ہلاک کر دیا ۔