قَالَ رَبِّ اشْرَحْ لِي صَدْرِي
بولا ، اے رب میرا سینہ کشادہ کر ۔
موسیٰ علیہ السلام کی دعائیں جب موسیٰ علیہ السلام کو اسے ہدایت کرنے کا حکم ہوا تو آپ نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ میرا سینہ کھول دے اور میرے کام میں آسانی پیدا کر دے ۔ اگر تو خود میرا مددگار نہ بنا تو یہ سخت بار میرے کمزور کندھے نہیں اٹھا سکتے ۔ اور میری زبان کی گرہ کھول دے ۔ چونکہ آپ کے بچپن کے زمانے میں آپ کے سامنے کھجور اور انگارے رکھے گئے تھے ، آپ نے انگارہ لے کر منہ میں رکھ لیا تھا ، اس لیے زبان میں لکنت ہو گئی تھی ، تو دعا کی کہ میرے زبان کی گرہ کھل جائے ۔ موسیٰ علیہ السلام کے اس ادب کو دیکھئے کہ بقدر حاجت سوال کرتے ہیں یہ نہیں عرض کرتے کہ میری زبان بالکل صاف ہو جائے بلکہ دعا یہ کرتے ہیں کہ گرہ کھل جائے تاکہ لوگ میری بات سمجھ لیں ۔ انبیاء علیہم السلام اللہ سے صرف حاجت روائی کے مطابق ہی عرض کرتے ہیں ، آگے نہیں بڑھتے ۔ چنانچہ آپ کی زبان میں پھر بھی کچھ کسر رہ گئی تھی جیسے کہ فرعون نے کہا تھا کہ کیا میں بہتر ہوں یا یہ ؟ جو فرد مایہ ہے اور صاف بول بھی نہیں سکتا ۔ حسن بصری رحمہ اللہ فرماتے ہیں ، ایک گرہ کھلنے کی دعا کی تھی جو پوری ہوئی ۔ اگر پوری دعا کی ہوتی تو وہ بھی پوری ہوتی ۔ آپ نے صرف اسی قدر دعا کی تھی کہ آپ کی زبان ایسی کر دی جائے کہ لوگ آپ کی بات سمجھ لیا کریں ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہا فرماتے ہیں ، ڈر تھا کہ کہیں وہ الزام قتل رکھ کر قتل نہ کر دیں اس کی دعا کی جو قبول ہوئی ۔ زبان میں اٹکاؤ تھا اس کی بابت دعا کی کہ اتنی صاف ہو جائے کہ لوگ بات سمجھ لیں یہ دعا بھی پوری ہوئی ۔ دعا کی کہ ہارون کو بھی نبی بنا دیا جائے یہ بھی پوری ہوئی ۔ محمد بن کعب رحمہ اللہ کے پاس ان کے ایک رشتے دار آئے اور کہنے لگے ، یہ تو بڑی کمی ہے کہ تم بولنے میں غلط بول جاتے ہو ۔ آپ نے فرمایا بھتیجے کیا میری بات تمہاری سمجھ میں نہیں آتی ؟ کہا ہاں سمجھ میں تو آ جاتی ہے ، کہا بس یہی کافی ہے ۔ موسیٰ علیہ السلام نے بھی اللہ سے یہی اور اتنی ہی دعا کی تھی ۔ پھر اور دعا کی کہ میری خارجی اور ظاہری امداد کے لیے میرا وزیر بنا دے اور ہو بھی وہ میرے کنبے میں سے ۔ یعنی میرے بھائی ہارون کو نبوت عطا فرما ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہا فرماتے ہیں اسی وقت ہارون علیہ السلام کو موسیٰ علیہ السلام کے ساتھ ہی نبوت عطا فرمائی گئی ۔ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا عمرے کے لیے جاتے ہوئے کسی اعرابی کے ہاں مقیم تھیں کہ سنا ایک شخص پوچھتا ہے کہ دنیا میں کس بھائی نے اپنے بھائی کو سب سے زیادہ نفع پہنچایا ہے ؟ اس سوال پر سب خاموش ہو گئے اور کہہ دیا کہ ہمیں اس کا علم نہیں ۔ اس نے کہا اللہ کی قسم مجھے اس کا علم ہے ۔ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں میں نے اپنے دل میں کہا ، دیکھو یہ شخص کتنی بیجا جسارت کرتا ہے ، بغیر انشاءاللہ کے قسم کھا رہا ہے ۔ لوگوں نے اس سے پوچھا کہ بتاؤ ، اس نے جواب دیا موسیٰ علیہ السلام کہ اپنے بھائی کو اپنی دعا سے نبوت دلوائی ۔ میں بھی یہ سن کر دنگ رہ گئی اور دل میں کہنے لگی ، بات تو سچ کہی ، فی الواقع اس سے زیادہ کوئی بھائی اپنے بھائی کو نفع نہیں پہنچا سکتا ۔ اللہ نے سچ فرمایا کہ موسیٰ علیہ السلام اللہ کے پاس بڑے آبرو دار تھے ۔ اس دعا کی وجہ بیان کرتے ہیں کہ میری کمر مضبوط ہو جائے ۔ تاکہ ہم تیری تسبیح اچھی طرح بیان کریں ۔ ہر وقت تیری پاکیزگی بیان کرتے رہیں اور تیری یاد بکثرت کریں ۔ مجاہد رحمہ اللہ فرماتے ہیں ، بندہ اللہ تعالیٰ کا زیادہ ذکر کرنے والا اسی وقت ہوتا ہے جب کہ وہ بیٹھتے اٹھتے اور لیٹتے ذکر اللہ میں مشغول رہے ۔ تو ہمیں دیکھتا ہے ، یہ تیرا رحم و کرم ہے کہ تو نے ہمیں برگزیدہ کیا ، ہمیں نبوت عطا فرمائی اور ہمیں اپنے دشمن فرعون کی طرف اپنا نبی بنا کر اس کی ہدایت کے لیے مبعوث فرمایا ۔ تیرا شکر ہے اور تیرے ہی لیے تمام تعریفیں سزاوار ہیں ۔ تیری ان نعمتوں پر ہم تیرے شکر گزار ہیں ۔