سورة مريم - آیت 66

وَيَقُولُ الْإِنسَانُ أَإِذَا مَا مِتُّ لَسَوْفَ أُخْرَجُ حَيًّا

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور انسان کہتا ہے کہ جب میں مر گیا تو کیا پھر زندہ کر کے (قبر سے) نکالا جاؤں گا ؟ ۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

منکرین قیامت کی سوچ بعض منکرین قیامت ، قیامت کا آنا اپنے نزدیک محال سمجھتے تھے اور موت کے بعد کا جینا ان کے خیال میں ناممکن تھا ۔ وہ قیامت کا اور اس دن کی دوسری اور نئے سرے کی زندگی کا حال سن کر سخت تعجب کرتے تھے ۔ جیسے قرآن کا فرمان ہے «وَاِنْ تَعْجَبْ فَعَجَبٌ قَوْلُہُمْ ءَاِذَا کُنَّا تُرٰبًا ءَاِنَّا لَفِیْ خَلْقٍ جَدِیْدٍ» ۱؎ (13-الرعد:5) یعنی ’ اگر تجھے تعجب ہے تو ان کا یہ قول بھی تعجب سے خالی نہیں کہ یہ کیا ، ہم جب مر کر مٹی ہو جائیں گے ، پھر ہم نئی پیدائش میں پیدا کئے جائیں گے ؟ ‘ سورۃ یاسین میں فرمایا «أَوَلَمْ یَرَ الْإِنسَانُ أَنَّا خَلَقْنَاہُ مِن نٰطْفَۃٍ فَإِذَا ہُوَ خَصِیمٌ مٰبِینٌ وَضَرَبَ لَنَا مَثَلًا وَنَسِیَ خَلْقَہُ قَالَ مَن یُحْیِی الْعِظَامَ وَہِیَ رَمِیمٌ قُلْ یُحْیِیہَا الَّذِی أَنشَأَہَا أَوَّلَ مَرَّۃٍ وَہُوَ بِکُلِّ خَلْقٍ عَلِیمٌ» ۱؎ (36-یس:77-79) ، ’ کیا انسان اسے نہیں دیکھتا کہ ہم نے اسے نطفے سے پیدا کیا ، پھر وہ ہم سے صاف صاف جھگڑا کرنے لگا اور ہم پر ہی باتیں بنانے لگا اور اپنی پیدائش کو بھلا کر کہنے لگا کہ ان ہڈیوں کو جو گل سڑ گئی ہیں ، کون زندہ کر دے گا ؟ تو جواب دے کہ انہیں وہ خالق حقیقی زندہ کرے گا جس نے انہیں اول بار پیدا کیا تھا وہ ہر ایک اور ہر طرح کی پیدائش سے پورا باخبر ہے ‘ ۔ یہاں بھی کافروں کے اسی اعتراض کا ذکر ہے کہ ہم مر کر پھر زندہ ہو کر کیسے کھڑے ہو سکتے ہیں ؟ جواباً فرمایا جا رہا ہے کہ ’ کیا اسے یہ بھی نہیں معلوم کہ وہ کچھ نہ تھا اور ہم نے اسے پیدا کر دیا ۔ شروع پیدائش کا قائل اور دوسری پیدائش کامنکر ؟ جب کچھ نہ تھا تب تو اللہ اسے کچھ کر دینے پر قادر تھا اور اب جب کہ کچھ نہ کچھ ضرور ہو گیا ، کیا اللہ قادر نہیں کہ اسے پھر سے پیدا کر دے ؟ ‘ پس ابتدائے آفرینش دلیل ہے دوبارہ کی پیدائش پر ۔ «وَہُوَ الَّذِی یَبْدَأُ الْخَلْقَ ثُمَّ یُعِیدُہُ وَہُوَ أَہْوَنُ عَلَیْہِ» ۱؎ (30-الروم:27) ’ جس نے ابتداء کی ہے وہی اعادہ کرے گا اور اعادہ بہ نسبت ابتداء کے ہمیشہ آسان ہوا کرتا ہے ‘ ۔ صحیح حدیث میں ہے ، { اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’ مجھے ابن آدم جھٹلا رہا ہے اور اسے یہ لائق نہ تھا ، مجھے ابن آدم ایذاء دے رہا ہے اور اسے یہ بھی لائق نہیں ، اس کا مجھے جھٹلانا تو یہ ہے کہ کہتا ہے جس طرح اللہ نے میری ابتداء کی ، اعادہ نہ کرے گا حالانکہ ظاہر ہے کہ ابتداء بہ نسبت اعادہ کے مشکل ہوتی ہے اور اس کا مجھے ایذاء دینا یہ ہے کہ کہتا ہے میری اولاد ہے حالانکہ میں احد ہوں ، صمد ہوں ، نہ میرے ماں باپ نہ اولاد ، نہ میری جنس کا کوئی اور ۔ مجھے اپنی ہی قسم ہے کہ میں ان سب کو جمع کروں گا اور جن جن شیطانوں کی یہ لوگ میرے سوا عبادت کرتے تھے ، انہیں بھی میں جمع کروں گا ۔ پھر انہیں جہنم کے سامنے لاؤں گا جہاں گھٹنوں کے بل گر پڑیں گے ‘ ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:4974) جیسے فرمان ہے «وَتَرٰی کُلَّ اُمَّۃٍ جَاثِیَۃً» ۱؎ (45-الجاثیۃ:28) ’ ہر امت کو تو دیکھے گا کہ گھٹنوں کے بل گری ہوئی ہوگی ‘ ۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ قیام کی حالت میں ان کا حشر ہوگا ۔ جب تمام اول و آخر جمع ہو جائیں گے تو ہم ان میں سے بڑے بڑے مجرموں اور سرکشوں کو الگ کر لیں گے ۔ ان کے رئیس و امیر اور بدیوں و برائیوں کے پھیلانے والے ان کے یہ پیشوا ، انہیں شرک و کفر کی تعلیم دینے والے ، انہیں اللہ کے گناہوں کی طرف مائل کرنے والے علیحدہ کر لیے جائیں گے ۔ جیسے فرمان ہے «حَتّٰی اِذَا ادَّارَکُوْا فِیْہَا جَمِیْعًا قَالَتْ اُخْرٰیہُمْ لِاُوْلٰیہُمْ رَبَّنَا ہٰٓؤُلَاءِ اَضَلٰوْنَا فَاٰتِہِمْ عَذَابًا ضِعْفًا مِّنَ النَّارِ قَالَ لِکُلٍّ ضِعْفٌ وَّلٰکِنْ لَّا تَعْلَمُوْنَ» ۱؎ (7-الأعراف:38) الخ ، ’ جب وہاں سب جمع ہو جائیں گے تو پچھلے اگلوں کی بابت کہیں گے کہ اے اللہ انہی لوگوں نے ہمیں بہکا رکھا تھا تو انہیں دگنا عذاب کر ‘ الخ ۔ پھر خبر کا خبر پر عطف ڈال کر فرماتا ہے کہ ’ اللہ خوب جانتا ہے کہ سب سے زیادہ عذابوں کا اور دائمی عذابوں کا اور جہنم کی آگ کا سزاوار کون کون ہے ؟ ‘ جیسے دوسری آیت میں ہے کہ فرمائے گا «لِکُلٍّ ضِعْفٌ وَّلٰکِنْ لَّا تَعْلَمُوْنَ» ۱؎ (7-الأعراف:38) ’ ہر ایک کیلئے دوہرا عذاب ہے لیکن تم علم سے کورے ہو ‘ ۔