سورة ھود - آیت 120

وَكُلًّا نَّقُصُّ عَلَيْكَ مِنْ أَنبَاءِ الرُّسُلِ مَا نُثَبِّتُ بِهِ فُؤَادَكَ ۚ وَجَاءَكَ فِي هَٰذِهِ الْحَقُّ وَمَوْعِظَةٌ وَذِكْرَىٰ لِلْمُؤْمِنِينَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور رسولوں کی خبروں میں سے وہ سب باتیں جن سے تیرے دل کو قائم کریں ، ہم تجھے سناتے ہیں ‘ اور اس (سورہ ہود) میں تیرے پاس حق بات آئی ہے اور مومنین کے لئے نصیحت اور یاد دہانی ہے ۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

ذکر ماضی تمہارے لیے سامان سکون پہلی امتوں کا اپنے نبیوں کو جھٹلانا ، نبیوں کا ان کی ایذاؤں پر صبر کرنا ۔ آخر اللہ کے عذاب کا آنا ، کافروں کا برباد ہونا ، نبیوں رسولوں اور مومنوں کا نجات پانا ، یہ سب واقعات ہم تجھے سنا رہے ہیں ۔ تاکہ تیرے دل کو ہم اور مضبوط کر دیں اور تجھے کامل سکون حاصل ہو جائے ۔ اس سورت میں بھی حق تجھ پر واضح ہو چکا ہے کہ اس دنیا میں بھی تیرے سامنے سچے واقعات بیان ہو چکے ہیں ۔ یہ عبرت ہے کفار کے لیے اور نصیحت ہے مومنوں کے لیے کہ وہ اس سے نفع حاصل کریں ۔