سورة الاعراف - آیت 178

مَن يَهْدِ اللَّهُ فَهُوَ الْمُهْتَدِي ۖ وَمَن يُضْلِلْ فَأُولَٰئِكَ هُمُ الْخَاسِرُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

جسے اللہ راہ دکھائے ، وہی راہ پاتا ہے ، اور جسے اللہ گمراہ کرے وہی زیاں کار ہیں ۔ (ف ٢)

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

بہترین دعا رب جنہیں راہ دکھائے ، انہیں کوئی بےراہ نہیں کر سکتا اور جسے وہی غلط راہ پر ڈال دے ، اس کی شومی قسمت میں کیا شک ہے ؟ اللہ کا چاہا ہوتا ہے ، اس کا نہ چاہا کبھی نہیں ہو سکتا ۔ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے کہ { سب تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں ۔ ہم اس کی حمد و ثنا بیان کرتے ہیں اور اسی سے مدد چاہتے ہیں اور اسی سے ہدایت طلب کرتے ہیں اور اسی سے بخشش مانگتے ہیں ۔ ہم اپنے نفس کی شرارتوں سے اللہ کی پناہ لیتے ہیں اور اپنے اعمال کی برائیوں سے بھی ۔ اللہ کے راہ دکھائے ہوئے کو کوئی بہکا نہیں سکتا اور اس کے گمراہ کئے ہوئے کو کوئی راہ راست پر لا نہیں سکتا ۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ معبود صرف اللہ ہی ہے ۔ وہ اکیلا ہے ، اس کا کوئی شریک نہیں اور میری گواہی ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں الخ ۔ } ۱؎ (سنن ابوداود:2118 ، قال الشیخ الألبانی:صحیح) [ مسند احمد وغیرہ ]