وَإِنَّكَ لَتُلَقَّى الْقُرْآنَ مِن لَّدُنْ حَكِيمٍ عَلِيمٍ
اور تجھ کو تو یہ قرآن ایک حکمت والے باخبر کی طرف سے ملتاہے
فہم القرآن : ربط کلام : جس قرآن کو مومنوں کے لیے ہدایت اور خوشخبری کے طور اتارا گیا ہے یہ من جانب اللہ ہے۔ سرورِدو عالم (ﷺ) کے ساتھ مکہ والوں کو ایک یہ بھی اختلاف تھا کہ یہ نبی قرآن مجید کو خود بنا لیتا ہے اس الزام کی اس سے پہلے مختلف الفاظ اور پیرائے میں تردید کی گئی ہے۔ یہاں اس بات کو یوں بیان فرمایا ہے کہ قرآن مجید کے منجانب اللہ ہونے میں کسی شک کی ہرگز گنجائش نہیں کیونکہ اسے اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی حضرت محمد (ﷺ) پر نازل کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ بڑا حکیم اور ہر بات کو جاننے والا ہے۔ ان الفاظ میں کفار کی تردید کرنے کے ساتھ سرور دو عالم( ﷺ) کے لیے تسلی ہے کہ اے پیغمبر (ﷺ) ! اس بات کا کبھی خیال نہ کرنا کہ اللہ تعالیٰ کو آپ کی مخالفت کرنے والوں کا علم نہیں۔ یقین رکھو کہ ہر بات اس کے علم میں ہے لیکن وہ اپنی حکمت کے ساتھ حق و باطل میں کشمکش پیدا کرتا ہے تاکہ کھرے اور کھوٹے میں امتیاز ہوجائے۔ وحی کا معنٰی : لغوی لحاظ سے وحی میں مندرجہ ذیل مفہوم پائے جاتے ہیں۔ 1۔ الہام : [ القصص :7] ” ہم نے امّ موسیٰ کی طرف وحی کی کہ تم موسیٰ کو دودھ پلاؤ۔“ 2۔ شہد کی مکھی کو الہام : [ النحل :68] ” تیرے رب نے شہد کی مکھی کی طرف وحی کی کہ تو پہاڑوں، درختوں اور چھپروں میں گھر بنا لے۔“ 3۔ وحی کا معنٰی اشارہ۔ جس طرح زکریا (علیہ السلام) کو اشارہ ہوا۔ [ مریم :11] ” وہ محراب سے نکل کے قوم کے پاس آئے اور انہیں اشارہ کیا کہ صبح وشام سبحان اللہ کہو۔“ 4۔ شیطان کا وسوسہ پیدا کرنا اور برائی کو انسان کے لیے مزّین کرنا۔ [ انعام :121] ” بیشک شیطان اپنے دوستوں کو اشارہ کرتے ہیں تاکہ وہ تمہارے ساتھ جھگڑیں۔“ [ انعام :112] ” ہم ہر نبی کے لیے انسانی اور جناتی شیاطین میں سے دشمن بناتے ہیں جو ایک دوسرے کو چکنی چپٹی دھوکا دینے والی بتاتیں بتاتے ہیں۔“ 5۔ اللہ تعالیٰ کا فرشتوں کو کسی کام کے کرنے کا حکم۔ [ الانفال :12] ” جب تیرے رب نے فرشتوں کی طرف وحی کی بیشک میں تمہارے ساتھ ہوں تم ایمان والوں کی ہمت بڑھاؤ۔“ 6۔ انبیاء (علیہ السلام) کی طرف وحی بھیجنا۔ [ الانبیاء :7] ” ہم نے آپ سے پہلے جتنے بھی رسول بھیجے سبھی مردوں میں سے تھے اور ہم نے ان کی طرف وحی کی۔“ مسائل : 1۔ قرآن مجید نبی اکرم (ﷺ) کے دل و دماغ کا اختراع نہیں بلکہ اسے اللہ تعالیٰ نے آپ (ﷺ) پر نازل فرمایا ہے۔ 2۔ ” اللہ“ کے ہر کام اور حکم میں حکمت پائی جاتی ہے۔ 3۔ ” اللہ“ لوگوں کے اعمال اور ان کے دلوں کی حالت جانتا ہے۔ تفسیر بالقرآن : اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید حضرت محمد (ﷺ) پر نازل فرمایا ہے : 1۔ قرآن رب العالمین کی طرف سے نازل شدہ ہے۔ (الشعراء :192) 2۔ ” اللہ“ ہی قرآن مجید نازل کرنے والا، حکمت والا اور تعریف کے لائق ہے۔ (حٰم السجدۃ:42) 3۔ ہم ہی قرآن مجید کو نازل کرنے والے ہیں اور ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔ (الحجر :9) 4۔ ہم نے آپ کی طرف کتاب نازل کی تاکہ آپ لوگوں کو اندھیروں سے روشنی کی طرف لائیں۔ (ابراہیم :1)