سورة الانعام - آیت 146

وَعَلَى الَّذِينَ هَادُوا حَرَّمْنَا كُلَّ ذِي ظُفُرٍ ۖ وَمِنَ الْبَقَرِ وَالْغَنَمِ حَرَّمْنَا عَلَيْهِمْ شُحُومَهُمَا إِلَّا مَا حَمَلَتْ ظُهُورُهُمَا أَوِ الْحَوَايَا أَوْ مَا اخْتَلَطَ بِعَظْمٍ ۚ ذَٰلِكَ جَزَيْنَاهُم بِبَغْيِهِمْ ۖ وَإِنَّا لَصَادِقُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور یہود پرہم نے ہر ناخن والا جانور حرام کیا ، اور گائے اور بکری میں سے ان کی چربی حرام کی ، مگر جس قدر ان کی پشت پر لگی ہو ‘ یا انتڑیوں میں ‘ یا ہڈی کے ساتھ ملی ہو ، اور یہ ہم نے انکی شرارت کے بدلے میں انکو سزا دی تھی اور ہم سچے ہیں۔ (ف ١)

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 5 امت محمد یہ پر جو چیزیں حرام ہیں ان کا ذکر کرنے کے بعد اب یہود پر حرام کی ہوئی چیزوں کی طرف اشارہ فرمایا ہے جس سے مقصد ان کی تردید ہے (قرطبی) كُلَّ ذِي ظُفُر سے مراد ہر وہ جانور اور پرند ہے جس کی انگلیاں پھٹی ہوئی نہ ہوں جیسے اونٹ، شتر مرغ بطخ وغیرہ، (روح المعانی) اور بعض نے اس سے سم درا چوپائے جیسے گھو ڑا گدھا وغیرہ۔ اور شکاری پر ندے سے مراد لیے ہیں جو پنجہ سے شکار کرتے ہیں۔(قرطبی) ف 6 أَوِبمعنی الواؤ۔ یعنی ان چار چیزوں کے علاوہ یہود پر یہ چیزیں بھی حرام کردی گئی تھیں ف 7 یعنی یہ چیزیں جس طرح اب شریعت محمدی میں حرام نہیں ہیں اس سے پہلے بھی حرام نہ تھیں البتہ یہود یوں کو ان کی سر کشی کی سزا دینے کے لیے ہم نے انہیں وقتی طور پر حرام کردیا تھ۔ (دیکھئے سورۃ نسا آیت 23) مقصد یہود یوں کے اس دعوی ٰ کی تر دید ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہم پر کوئی چیز حرام نہیں کی ماسوا ان چیزوں کے جو اسرائیل (یعقوب ( علیہ السلام) نے از خود اپنے اوپر حرام کرلی تھیں، (قر طبی۔ ابن کثیر) اور وَإِنَّا لَصَٰدِقُونَ ( اور ہم سچ کہتے ہیں۔) کا مطلب یہ ہے کہ یہود کا یہ دعوی غلط ہے اور صحیح بات وہ ہے جو ہم نے بیان کی ہے۔ ( نیز دیکھئے سورۃ آل عمران آیت 93)