سورة آل عمران - آیت 135

وَالَّذِينَ إِذَا فَعَلُوا فَاحِشَةً أَوْ ظَلَمُوا أَنفُسَهُمْ ذَكَرُوا اللَّهَ فَاسْتَغْفَرُوا لِذُنُوبِهِمْ وَمَن يَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلَّا اللَّهُ وَلَمْ يُصِرُّوا عَلَىٰ مَا فَعَلُوا وَهُمْ يَعْلَمُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

وہ لوگ جو کھلا گناہ کریں یا اپنے حق میں کچھ ستم کریں تو خدا کو یاد کریں ، پھر اپنے گناہوں کی مغفرت مانگیں ، اور اللہ کے سوا گناہوں کو کون بخش سکتا ہے ؟ اور جو کچھ کیا ہے اس پر جان بوجھ کر اڑے نہ رہیں ۔ (ف ١)

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 6 یعنی اگر بشری تقاضے کے تحت ان سے کسی گناہ کا ارتکاب ہوجاتا ہےتو وہ فورا اللہ تعالیٰ کو یاد کر کے توبہ واستغفار کرتے ہیں اور اللہ تعالی ٰسے معافی چاہتے ہیں۔ صحیحین کی ایک روایت ہے کہ آنحضرت (ﷺ) نے فرمایا: جب کوئی بندہ گناہ کر کے توبہ استغفار کرلیتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے میرے بندے کو معلوم ہے کہ اس کا ایک رب ہے جو گناہ معاف کرتا ہےاور اس پر مؤاخذہ کر سکتا ہے (فرشتوں گواہ رہو)میں نے اپنے بندے کو معاف کردیا۔ (ابن کثیر) ف 7’ اصرار‘‘ کے معنی ہیں اڑجانا اور لا پر وائی سے گناہ کرتے جا نا اور ان پر ندامت کا اظہار نہ کرنا اورنہ تو بہ ہی کرنا ورنہ اگر کسی شخص سے سچے دل سے توبہ کرنے کے بعد گناہ سرزد بھی ہوجاتا ہے تو اسے اصرار نہیں کہتے۔ چنانچہ ایک حدیث میں ہے(مَا ‌أَصَرَّ ‌مَنِ ‌اسْتَغْفَرَ، وَإِنْ عَادَ فِي الْيَوْمِ سَبْعِينَ مَرَّةٍ)کے سچے دل سے توبہ واستغفار کے بعد اگر کسی شخص سے ایک دن میں ستر مرتبہ بھی گناہ سرزد ہوجائے تو اسے مصر نہیں کہا جائے گا۔ (ابن کثیر۔ قرطبی) İوَهُمۡ يَعۡلَمُونَĬیعنی وہ جانتے ہیں کہ جو شخص توبہ کرلے اللہ تعالیٰ اس کے گناہ معاف کردیتے ہیں۔( ابن کثیر)