سورة فاطر - آیت 3
يَا أَيُّهَا النَّاسُ اذْكُرُوا نِعْمَتَ اللَّهِ عَلَيْكُمْ ۚ هَلْ مِنْ خَالِقٍ غَيْرُ اللَّهِ يَرْزُقُكُم مِّنَ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ ۚ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ فَأَنَّىٰ تُؤْفَكُونَ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
اے لوگوں اللہ کی نعمت جو تجھ پر ہے یاد کرو ۔ کیا اللہ کے سوا کوئی اور خالق ہے ؟ کہ جو آسمان اور زمین میں سے رزق دیتا ہو ۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں پھر کہاں پھیرے جاتے ہو ۔
تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح
ف 9 یعنی اس کے احسان فراموش اور نمک حرام نہ بنو کہ بندگی دوسروں کی بجالائو حالانکہ تمہیں جو بھی نعمت حاصل ہے وہ اسی کی دی گئی ہے۔ ف 10 آسمان سے بارش برسائے اور زمین سے غلے، سبزیاں اور دوسری چیزیں اگائے۔ ف 11 یعنی تمہیں یہ دھوکا کہاں سے لگ گیا کہ خالق، رازق تو اللہ ہو مگر بندگی اور تابعداری دوسروں کی کی جائے ؟ مثل مشہور ہے جس کا کھایئے اسی کا گائیے۔ ( ابن کثیر)۔