سورة ھود - آیت 74

فَلَمَّا ذَهَبَ عَنْ إِبْرَاهِيمَ الرَّوْعُ وَجَاءَتْهُ الْبُشْرَىٰ يُجَادِلُنَا فِي قَوْمِ لُوطٍ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

پھر جب ابراہیم (علیہ السلام) کا خوف دور ہوا ، اور اس کو بشارت پہنچی ، تو ہم نے قوم لوط (علیہ السلام) کے بارے میں جھگڑنے لگا ۔

تفسیر اشرف الحواشی - محمد عبدہ الفلاح

ف 9۔ سعید (رض) بن جبیر، قتادہ (رض) اور بعض دوسرے مفسرین (رح) کہتے ہیں کہ جب حضرت ابراہیم ( علیہ السلام) کو فرشتوں نے بتایا کہ وہ قوم لوط کو ہلاک کرنے جا رہے ہیں تو انہوں نے پوچھا جس بستی میں تین سو مسلمان ہوں کیا تم اسے تباہ کردو گے؟ انہوں نے کہا ” نہیں۔ کہا : اگر چالیس ہوں تب“؟ انہوں نے کہا : نہیں۔ اس پر حضرت ابراہیم ( علیہ السلام) نے کہا : ان فیمھا لوطا (اس بستی میں لوط تو موجود ہیں)۔ اس پر انہوں نے کہا :” اس میں جو لوگ ہیں ہمیں ان کا خوب علم ہے۔ ہم لوط کو، اور ان کی بیوی کے سوا ان کے تمام گھر والوں کو بچا لیں گے۔“ اس وقت حضرت ابراہیم خاموش ہوئے اور ان کا اطمینان ہوگیا۔ (ابن کثیر)۔