سورة یونس - آیت 63

الَّذِينَ آمَنُوا وَكَانُوا يَتَّقُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

وہ جو ایمان لائے ، اور ڈرتے رہے ۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 6۔ یعنی انہوں نے قرآن و سنت کے مطابق اپنے اعتقاد کو درست کیا۔ ف 7۔ یعنی نیک اعمال کرتے اور گناہوں سے بچتے رہے۔ اُو پر کی آیت میں اولیا اللہ (اللہ کے دوستوں) کے بارے میں ارشاد فرمایا کہ انہیں نہ کوئی ڈر ہوگا اور نہ غم۔ اس آیت میں اولیاء اللہ کی خود تشریح فرمادی اور وہ یہ کہ ان سے مراد وہ لوگ ہیں جن کا عقیدہ قرآن و سنت کےمطابق درست ہے اور جن میں تقویٰ پایا جاتا ہے۔ معلوم ہوا کہ ہر انسان جو اپنے اندر عقیدہ و عمل کی صحت پیدا کرلے گا وہ اللہ کاولی ہوسکتا ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ عقیدہ و عمل میں اخلاص کے اعتبار سے لوگوں کے مراتب ہوں گے۔ حضرت ابن عباس (رض) وغیرہ سے ارشاد نبوی منقول ہے کہ ” اولیاء اللہ“ وہ ہیں جنہیں دیکھ کر اللہ یاد آئے۔ (درمنثور) عام لوگوں نے یہ سمجھ رکھا ہے جس سے کوئی امر خرق عادت صادر ہو وہ اللہ کا ولی ہوتا ہے جو سراسر غلط ہے۔ خرق عادت امور تو شیطانوں سے بھی صادر ہوجاتے ہیں۔