ثُمَّ بَدَّلْنَا مَكَانَ السَّيِّئَةِ الْحَسَنَةَ حَتَّىٰ عَفَوا وَّقَالُوا قَدْ مَسَّ آبَاءَنَا الضَّرَّاءُ وَالسَّرَّاءُ فَأَخَذْنَاهُم بَغْتَةً وَهُمْ لَا يَشْعُرُونَ
پھر ہم نے برائی کی جگہ بھلائی بدل دی ، یہاں تک کہ لوگ زیادہ ہوگئے اور کہنے لگے کہ ہمارے بڑوں کو اسی طرح دُکھ سکھ پہنچتا رہا ہے تب ہم نے انہیں اچانک پکڑا ، اوروہ (ف ١) بےخبر تھے ۔
ف 2 یعنی قحط کی بجائے خوب ارزانی کی اور بیماری کی بجائے تندرستی دی۔ ف 3 یعنی ان کی آبادی بڑھ گئی اور مال ودولت کی خوب ریل پیل ہوگئی اور وہ اپنی پچھلی سختیوں کو بھول گئے، ف 4 یعنی اگر ہم قحط اور دوسری سختیوں میں مبتلا ہوئے ہیں تو محض زمانے کی گردش کی وجہ سے ہوئے ہیں کہ اپنی بد اعمالیوں کی وجہ سے، دنیا میں ایسا ہوتا ہی رہتا ہے۔ موسم کےتغیر سے حالات بدلتے رہتے ہیں۔ کبھی بیماری اور کبھی تندرستی کبھی خوش حالی اور کبھی بد حالی۔ یہ حالات ہمیں کو نہیں بلکہ ہمارے باپ دادا کو بھی پیش آتے رہے ہیں مگر جلدی ہی ٹلتے بھی رہے ہیں۔ اس قسم کے حالات پیش آنے میں انسانوں کے اعمال کا کوئی دخل نہیں ہے۔ ایسی توجیہات اب بعض مسلمان بھی کرنے لگے ہیں۔ ف 5 یعنی جب اللہ تعالیٰ کو اس طرح فراموش کر بیٹھے تو یکایک اللہ تعالیٰ کا غضب نازل ہوا اور ایسا عذاب آیا کہ آن کی آن میں سب نیست ونابود ہوگئے۔ اس کے بر عکس مومنین خوشحالی میں شکر اور تنگدستی میں صبر کرتے ہیں جیسا کہ آنحضرت (ﷺ) کا ارشاد ہے : مومن کا معاملہ بھی خوب ہے اللہ تعالیٰ کا فیصلہ ہر حال میں اس کے لیے بہتر ہوتا ہے اگر اسے تکلیف پہنچتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے اور خو شحالی نصیب ہوتی ہے تو شکر کرتا ہے۔ (بخاری ومسلم) اس آیت کی تشریح میں شاہ صاحب لکھتے ہیں: بندے کو دنیا میں گناہ کی سزا پہنچتی ہے تو امید ہے کہ تو بہ کرے اور جب گناہ راست آگیا تو اللہ تعالیٰ کا بھلا وا ہے پھرڈرہے ہلاک کا جیسے زہر کھایااگل دے ۔تو امید ہے اور اگربیچ گیا تو کام آخر ہوا (موضح )