سورة الہب - آیت 1

تَبَّتْ يَدَا أَبِي لَهَبٍ وَتَبَّ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

ابو لہب کے دونوں ہاتھ ٹوٹ گئے اور وہ (خود) ہلاک ہوگیا (١)

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

تَبَّتْ يَدَا اَبِيْ لَهَبٍ وَّ تَبَّ: ابو لہب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا چچا تھا، نام عبدالعزیٰ بن عبدالمطلب تھا۔ ’’ لَهَبٍ ‘‘ شعلے کو کہتے ہیں، ’’ اَبِيْ لَهَبٍ ‘‘ شعلے کا باپ یا شعلے والا۔ رخساروں کی خوب صورتی اور سرخی کی وجہ سے یا طبیعت کی تیزی اور جوش کی وجہ سے ابو لہب کے نام سے مشہور ہوا، پھر جہنمی ہونے کی وجہ سے فی الواقع شعلے والا ہی بن گیا۔ اس شخص کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سخت عداوت تھی۔ باوجود اس کے کہ چچا باپ کی طرح ہوتا ہے، یہ ہر موقع پر آپ کی مخالفت کرتا اور ایذا پہنچانے کی کوشش کرتا۔ آپ کے دشمنوں میں سے یہ واحد شخص ہے جس کے نام سے قرآن میں اس کے برے انجام کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ اسلام میں نسب اور خاندان کی بنیاد پر نہیں بلکہ ایمان اور کفر کی بنیاد پر اپنے اور غیر کا فیصلہ ہوتا ہے۔ 2۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سخت مخالفت اور آپ کو ہلاکت کی بد دعا دینے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ’’ تَبَّتْ يَدَا اَبِيْ لَهَبٍ وَّ تَبَّ ‘‘ فرمایا۔ اس کے دو معانی ہو سکتے ہیں، پہلا یہ کہ ابو لہب کے دونوں ہاتھ ہلاک ہو گئے اور وہ خود ہلاک ہوگیا۔ یہ معنی تو ظاہر ہے۔ دوسرا یہ کہ ابو لہب کے دونوں ہاتھ ہلاک ہو جائیں اور وہ ( فی الواقع) ہلاک ہوگیا۔ یہ معنی فراء نے کیا ہے، یعنی اس کی بد دعا کے مقابلے میں اہلِ ایمان کی بد دعا کی جگہ اللہ تعالیٰ نے یہ الفاظ فرما دیے کہ ابولہب کے دونوں ہاتھ ہلاک ہو جائیں، پھر بتایا کہ وہ ہلاک ہو چکا۔ 3۔ ’’ابو لہب کے دونوں ہاتھ ہلاک ہوگئے‘‘ یہاں ہاتھوں کا ذکر خاص طور پر اس لیے کیا گیا کہ ایذا رسانی میں ہاتھوں کا حصہ دوسرے تمام اعضا سے زیادہ مؤثر ہوتا ہے اور ان کے ساتھ زیادہ تکلیف پہنچائی جا سکتی ہے۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ ہاتھوں سے مراد اولاد اور ساتھی ہیں، جو مددگار ہوتے ہیں اور دست و بازو بنتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق ایسا ہی ہوا ، اس کے مددگار جنگ بدر میں برباد ہوگئے، وہ خود جنگ میں نہیں گیا، شکست کی خبر آئی تو اسی صدمے سے مر گیا۔