وَيْلٌ لِّكُلِّ هُمَزَةٍ لُّمَزَةٍ
بڑی خرابی ہے ہر ایسے شخص کی جو عیب ٹٹولنے والا غیبت کرنے والا ہو۔
وَيْلٌ لِّكُلِّ هُمَزَةٍ لُّمَزَةٍ:’’ هُمَزَةٍ لُّمَزَةٍ‘‘ ’’هَمَزَ يَهْمُزُ هَمْزًا‘‘ (ن،ض) اور ’’لَمَزَ يَلْمُزُ لَمْزًا‘‘ (ن، ض) سے مبالغے کے صیغے ہیں، دونوں کے معنی آپس میں اس قدر ملتے ہیں کہ بعض نے انھیں ہم معنی قرار دیا ہے اور بعض نے فرق کیا ہے۔ دونوں کے مفہوم میں ’’اشارہ بازی ، طعن اور عیب لگانا‘‘ شامل ہے۔ دوسری جگہ فرمایا : ﴿ وَ لَا تُطِعْ كُلَّ حَلَّافٍ مَّهِيْنٍ (10) هَمَّازٍ مَّشَّآءٍ بِنَمِيْمٍ﴾ [ القلم : 11،10 ] ’’ہر بہت قسمیں کھانے والے حقیر کی اطاعت نہ کر، جو بہت طعنہ مارنے والا ( یا عیب لگانے والا)، چغلی میں بہت دوڑ دھوپ کرنے والا ہے۔‘‘ اور فرمایا : ﴿ وَ لَا تَلْمِزُوْا اَنْفُسَكُمْ﴾ [ الحجرات : ۱۱ ] ’’اور تم آپس میں عیب نہ لگاؤ۔‘‘