سورة الزلزلة - آیت 2
وَأَخْرَجَتِ الْأَرْضُ أَثْقَالَهَا
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
اور اپنے بوجھ باہر نکال پھینکے گی (١)
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
وَ اَخْرَجَتِ الْاَرْضُ اَثْقَالَهَا: ’’ أَثْقَالٌ ‘‘ ’’ثَقَلٌ‘‘ کی جمع ہے، مسافر کا سامان اور نفیس چیزیں جن کی وہ حفاظت کرتا ہے، یعنی زمین نے جو کچھ سنبھال کر رکھا ہوا ہے اسے باہر نکال دے گی۔ یا ’’ثِقْلٌ‘‘ کی جمع ہے جو حمل کو کہتے ہیں، جیسے فرمایا : ﴿ فَلَمَّا اَثْقَلَتْ﴾ [ الأعراف : ۱۸۹ ] ’’پس جب وہ (عورت) بھاری ہو گئی۔‘‘ اس صورت میں زمین کو حاملہ کے ساتھ تشبیہ دی گئی ہے، یعنی اتنا شدید زلزلہ ہوگا کہ زمین پھٹ جائے گی اور اس میں جو فوت شدہ لوگ ہیں یا جو کچھ بھی زمین نے سنبھال کر رکھا ہوا ہے باہر نکال کر خالی ہو جائے گی، جیسا کہ فرمایا : ﴿وَ اَلْقَتْ مَا فِيْهَا وَ تَخَلَّتْ ﴾ [الانشقاق : ۴ ] ’’ اور اس میں جو کچھ ہے باہر پھینک دے گی اور خالی ہو جائے گی۔‘‘