سورة الزلزلة - آیت 1
إِذَا زُلْزِلَتِ الْأَرْضُ زِلْزَالَهَا
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
جب زمین پوری طرح جھنجھوڑ دی جائے گی (١)
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
اِذَا زُلْزِلَتِ الْاَرْضُ زِلْزَالَهَا: ’’زَلْزَلَ يُزَلْزِلُ زَلْزَلَةً وَ زِلْزَالًا‘‘ (فعللہ) سخت ہلانا۔ یہاں ’’زِلْزَالٌ‘‘ مصدر مفعول کے معنی میں ہے، یعنی سخت ہلایا جانا۔ اس سے مراد دوسرے نفخہ کے ساتھ آنے والا زبردست زلزلہ ہے، کیونکہ دوسرے نفخہ کے ساتھ ہی مردے قبروں سے نکلیں گے، فرمایا : ﴿ثُمَّ نُفِخَ فِيْهِ اُخْرٰى فَاِذَا هُمْ قِيَامٌ يَّنْظُرُوْنَ ﴾ [ الزمر : ۶۸ ] ’’ پھر اس میں دوسری دفعہ پھونکا جائے گا تویک لخت وہ کھڑے ہو کر دیکھ رہے ہوں گے۔‘‘ ’’ زِلْزَالَهَا ‘‘ (اپنے زلزلے) سے مراد یہ ہے کہ زمین کو سخت ہلا دینے کے لیے جتنا زبردست زلزلہ ہونا چاہیے اس قسم کے زلزلے کے ساتھ وہ سخت ہلا دی جائے گی۔