بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
شروع اللہ کے نام سے جو بیحد مہربان نہایت رحم والا ہے (سورۃ المدثر۔ سورۃ نمبر ٧٤۔ تعداد آیات ٥٦)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر سب سے پہلی وحی ﴿ اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِيْ خَلَقَ﴾ نازل ہوئی، اس کے بعد وحی کچھ عرصہ کے لیے رک گئی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم غمگین رہنے لگے۔ جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ عنھما نے وحی رک جانے کے اس عرصہ کے متعلق ذکر کرتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا کہ آپ نے فرمایا : (( بَيْنَا أَنَا أَمْشِيْ إِذْ سَمِعْتُ صَوْتًا مِنَ السَّمَاءِ، فَرَفَعْتُ بَصَرِيْ فَإِذَا الْمَلَكُ الَّذِيْ جَائَنِيْ بِحِرَاءٍ جَالِسٌ عَلٰی كُرْسِيٍّ بَيْنَ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ، فَرُعِبْتُ مِنْهُ، فَرَجَعْتُ فَقُلْتُ زَمِّلُوْنِيْ زَمِّلُوْنِيْ فَأَنْزَلَ اللّٰهُ عَزَّوَجَلَّ : ﴿ يٰاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ (1) قُمْ فَاَنْذِرْ﴾ إِلٰی قَوْلِهِ: ﴿ وَ الرُّجْزَ فَاهْجُرْ﴾ فَحَمِيَ الْوَحْيُ وَ تَوَاتَرَ )) [بخاري، بدء الوحي، باب کیف کان بدء الوحي....: ۴۔ مسلم : ۱۶۱ ] ’’اس حالت میں کہ میں چلا جا رہا تھا میں نے آسمان کی طرف سے ایک آواز سنی، نگاہ اٹھائی تو دیکھا کہ وہ فرشتہ جو حرا میں میرے پاس آیا تھا زمین اور آسمان کے درمیان ایک کرسی پر بیٹھا تھا، میں اس سے ڈر گیا اور واپس آکر کہا : ’’مجھے کمبل اوڑھا دو، مجھے کمبل اوڑھا دو۔‘‘ پھر اللہ تعالیٰ نے یہ آیات نازل فرمائیں: ﴿ يٰاَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ (1) قُمْ فَاَنْذِرْ ﴾ سے ﴿وَ الرُّجْزَ فَاهْجُرْ﴾ تک، پھر وحی گرم ہو گئی اور مسلسل آنے لگی۔‘‘ اس سے معلوم ہوا کہ سب سے پہلے سورۂ علق کی آیات نازل ہوئیں اور وحی رک جانے کے بعد سب سے پہلے سورۂ مدثر نازل ہوئی۔