سورة الواقعة - آیت 10

وَالسَّابِقُونَ السَّابِقُونَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اور جو آگے والے ہیں وہ تو آگے والے ہیں (١)

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وَ السّٰبِقُوْنَ السّٰبِقُوْنَ: اس کے دو مطلب ہو سکتے ہیں، ایک یہ کہ پہلے ’’ السّٰبِقُوْنَ ‘‘ سے مراد عمل میں سبقت والے اور دوسرے ’’السّٰبِقُوْنَ ‘‘ سے مراد درجے میں سبقت لینے والے ہیں۔ یعنی جو لوگ ایمان لانے میں اور اعمال صالحہ میں دوسروں سے پہل کرنے والے اور آگے بڑھنے والے ہیں وہ جنت کے داخلے میں بھی دوسروں سے پہلے اور اس کے مراتب میں دوسروں سے آگے ہوں گے۔ دوسرا مطلب یہ کہ دونوں ’’ السّٰبِقُوْنَ ‘‘ سے مراد ایک ہی ہے اور مقصود ان کی شان کا بیان ہے، جیسے کہا جاتا ہے: ’’أَنْتَ أَنْتَ‘‘ کہ تم، تم ہی ہو، تمھارا کیا کہنا، کوئی اور تمھارے جیسا نہیں اور جیسے شاعر نے کہا ہے : أَنَا أَبُو النَّجْمِ وَ شِعْرِيْ شِعْرِيْ ’’میں ابو النجم ہوں اور میرا شعر میرا ہی شعر ہے۔‘‘ یعنی میرے شعر کی کیا بات ہے۔ یعنی سابقون سابقون ہی ہیں، کوئی اور ان کے رتبے کو نہیں پہنچ سکتا۔