وَيَا قَوْمِ إِنِّي أَخَافُ عَلَيْكُمْ يَوْمَ التَّنَادِ
اور مجھے تم پر قیامت کے دن کا بھی ڈر ہے (١)
1۔ وَ يٰقَوْمِ اِنِّيْ اَخَافُ عَلَيْكُمْ يَوْمَ التَّنَادِ: ’’التَّنَادِ‘‘ ’’نِدَاءٌ‘‘میں سے باب تفاعل ہے، ایک دوسرے کو آواز دینا۔ دنیوی عذاب سے ڈرانے کے بعد اس نے آخرت کے عذاب سے ڈرایا۔ ’’ يَوْمَ التَّنَادِ ‘‘ (ایک دوسرے کو پکارنے کے دن) سے مراد قیامت کا دن ہے۔ اس دن اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں کو محبت سے آواز دیں گے اور مشرکین کو اپنے شرکاء پیش کرنے کے لیے آواز دیں گے۔ اس دن اس کے فرشتے نیک و بد کو ان کی حیثیت کے مطابق آواز دیں گے۔ جنتی ایک دوسرے کو آوازیں دیں گے، اسی طرح جہنمی ایک دوسرے کو آواز دیں گے۔ اہلِ جنت جہنمیوں کو اور وہ جنتیوں کو آواز دیں گے۔ حق لینے والے حق دینے والوں کو اور مظلوم ظالموں کو آوازیں دے رہے ہوں گے۔ جہنمی آگ کے خازن کو پکاریں گے، پھر رب تعالیٰ کو آواز دیں گے۔ جنت و جہنم بھی آواز دے رہی ہوں گی۔ موت کو ذبح کر دیا جائے گا اور جنتیوں اور جہنمیوں کو آواز دی جائے گی کہ اب ہمیشگی ہے، موت نہیں۔ غرض، اس دن ایک دوسرے کو پکارنے کا عجیب عالم ہو گا۔ یہاں قرآن مجید سے اس ’’ يَوْمَ التَّنَادِ ‘‘ کے بارے میں چند مقامات درج کیے جاتے ہیں، احباب تھوڑی سی محنت فرما کر تفصیل ملاحظہ فرما لیں۔ دیکھیے سورۂ اعراف (۴۳ تا ۵۰)، زخرف (۷۷)، حدید (۱۴)، قصص (۶۲، ۶۵، ۷۴)، کہف (۵۲)، مومن (۱۰)، حم سجدہ (۴۴)، ق (۴۱)، بنی اسرائیل (۵۲، ۷۱)، یٰس (۵۲، ۶۰)، حاقہ (۱۹ تا ۳۲)، عبس (۳۴ تا ۳۷) اور سورۂ معارج (۱۷)۔ 2۔ بعض مفسرین نے فرمایا کہ ’’ مِثْلَ يَوْمِ الْاَحْزَابِ ‘‘ سے جو مراد ہے وہی ’’ يَوْمَ التَّنَادِ ‘‘سے مراد ہے، یعنی ’’ يَوْمَ التَّنَادِ‘‘ سے بھی وہی دنیا میں آنے والا عذاب مراد ہے کہ جب وہ دن آئے گا تو تم ایک دوسرے کو مدد کے لیے آواز دو گے، مگر کوئی مدد کو نہیں آئے گا اور تم عذاب سے بچنے کے لیے بھاگو گے، مگر تمھیں اللہ تعالیٰ سے کوئی نہیں بچائے گا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ﴿فَلَمَّا اَحَسُّوْا بَاْسَنَا اِذَا هُمْ مِّنْهَا يَرْكُضُوْنَ (12) لَا تَرْكُضُوْا وَ ارْجِعُوْا اِلٰى مَا اُتْرِفْتُمْ فِيْهِ وَ مَسٰكِنِكُمْ لَعَلَّكُمْ تُسْـَٔلُوْنَ ﴾ [الأنبیاء : ۱۲، ۱۳ ] ’’ تو جب انھوں نے ہمارا عذاب محسوس کیا اچانک وہ ان (بستیوں) سے بھاگ رہے تھے۔ بھاگو نہیں اور ان (جگہوں) کی طرف واپس آؤ جن میں تمھیں خوش حالی دی گئی تھی اور اپنے گھروں کی طرف، تاکہ تم سے پوچھا جائے۔‘‘ اگرچہ اکثر مفسرین نے ’’ يَوْمَ التَّنَادِ ‘‘ سے مراد قیامت کا دن لیا ہے، مگر آیات کے سیاق کے لحاظ سے اس تفسیر کی بھی گنجائش ہے۔ شاہ عبد القادر لکھتے ہیں : ’’(يَوْمَ التَّنَادِ) ہانک پکار کا دن ان پر آیا جس دن غرق ہوئے قلزم میں، ایک دوسرے کو پکارنے لگے ڈوبتے میں۔‘‘