وَاذْكُرْ عَبْدَنَا أَيُّوبَ إِذْ نَادَىٰ رَبَّهُ أَنِّي مَسَّنِيَ الشَّيْطَانُ بِنُصْبٍ وَعَذَابٍ
اور ہمارے بندے ایوب (علیہ السلام) کا (بھی) ذکر کر، جبکہ اس نے اپنے رب کو پکارا کہ مجھے شیطان نے رنج اور دکھ پہنچایا ہے (١)
1۔ وَ اذْكُرْ عَبْدَنَا اَيُّوْبَ ....: اس کا عطف اس سے پہلے ’’ وَ اذْكُرْ عَبْدَنَا دَاؤدَ ذَا الْاَيْدِ ‘‘ پر ہے۔ لفظ ’’ عَبْدَنَا ‘‘ میں اللہ تعالیٰ کے ان سے تعلق کا اظہار ہو رہا ہے۔ اس سورت میں مذکور قصّوں میں سے یہ تیسرا قصّہ ہے کہ داؤد اور سلیمان علیھما السلام پر اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا اور دونوں کی آزمائش کا ذکر فرمایا اور ایوب علیہ السلام پر آنے والی مصیبتوں اور تکلیفوں کا اور انھیں دور کرنے کی نعمت کا ذکر فرمایا، مقصد سب سے عبرت دلانا ہے۔ 2۔ اَنِّيْ مَسَّنِيَ الشَّيْطٰنُ بِنُصْبٍ وَّ عَذَابٍ: ’’نُصْبٌ‘‘ تھکاوٹ اور مشقت کو کہتے ہیں اور ’’ عَذَابٍ ‘‘ شدید بدنی تکلیف کو۔ یعنی مجھے دو قسم کی تکلیف پہنچی ہے، ایک شدید دکھ جو مال و اولاد اور عافیت نہ رہنے کی وجہ سے تھا اور دوسری جسمانی تکلیف جو بیماری کی وجہ سے تھی۔ 3۔ اس دعا میں ایوب علیہ السلام کا حُسن ادب دیکھیے کہ انھوں نے دکھ اور تکلیف کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف نہیں کی بلکہ شیطان کی طرف کی ہے۔ حالانکہ رنج ہو یا راحت، برائی ہو یا بھلائی، سب اللہ تعالیٰ کی مشیّت کے تحت ہے اور وہی سب کا خالق ہے، مگر چونکہ اکثر ان کا تعلق کسی قریب یا بعید وجہ سے شیطان کے ساتھ ہوتا ہے، اس لیے اللہ کے مقرّب بندے شر کی نسبت اپنی طرف کرتے ہیں یا شیطان کی طرف، اللہ تعالیٰ کی طرف نہیں کرتے، جیسا کہ ابراہیم علیہ السلام نے مرض کی نسبت اپنی طرف اور شفا کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف کی، فرمایا : ﴿ وَ اِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ يَشْفِيْنِ﴾ [ الشعرآء : ۸۰ ] ’’اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی مجھے شفا دیتا ہے۔‘‘ اور موسیٰ اور خضر علیھما السلام کے قصے میں یوشع بن نون علیہ السلام نے بھلانے کی نسبت شیطان کی طرف کی، فرمایا : ﴿وَ مَا اَنْسٰىنِيْهُ اِلَّا الشَّيْطٰنُ اَنْ اَذْكُرَهٗ ﴾ [ الکہف : ۶۳ ] ’’اور مجھے وہ نہیں بھلائی مگر شیطان نے کہ میں اس کا ذکر کروں۔‘‘ صحیح مسلم میں نماز کے شروع میں پڑھی جانے والی ایک لمبی دعا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے، جو ’’ وَجَّهْتُ وَجْهِيَ لِلَّذِيْ فَطَرَ السَّمٰوَاتِ وَالْأَرْضَ‘‘ سے شروع ہوتی ہے، اس میں یہ الفاظ ہیں : (( لَبَّيْكَ وَسَعْدَيْكَ وَ الْخَيْرُ كُلُّهُ فِيْ يَدَيْكَ وَالشَّرُّ لَيْسَ إِلَيْكَ )) [ مسلم، صلاۃ المسافرین، باب الدعاء في صلاۃ اللیل و قیامہ : ۷۷۱، عن علي بن أبي طالب رضی اللّٰہ عنہ ] ’’حاضر ہوں اور حاضر ہوں اور خیر ساری تیرے ہاتھ میں ہے اور شر تیری طرف نہیں ہے۔‘‘ 4۔ ایوب علیہ السلام کی اس دعا میں اور سورۂ انبیاء (۸۳) میں مذکور دعا : ﴿ اَنِّيْ مَسَّنِيَ الضُّرُّ وَ اَنْتَ اَرْحَمُ الرّٰحِمِيْنَ﴾ (بے شک میں، مجھے بیماری لگ گئی ہے اور تو رحم کرنے والوں میں سب سے زیادہ رحم والا ہے) میں ایوب علیہ السلام کے دعا کے سلیقے کا اظہار ہو رہا ہے کہ انھوں نے صریح لفظوں میں اپنے مقصد کے اظہار کے بجائے اپنی حالتِ زار اور رب تعالیٰ کی مہربانی کا ذکر ایسے لفظوں میں کیا کہ اللہ تعالیٰ نے خود ہی ان پر رحم فرما کر شفا دے دی۔ 5۔ ان چاروں آیات کی مفصّل تفسیر کے لیے دیکھیے سورۂ انبیاء کی آیت (۸۳، ۸۴) کی تفسیر۔