سورة الشعراء - آیت 210

وَمَا تَنَزَّلَتْ بِهِ الشَّيَاطِينُ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

اس قرآن کو شیطان نہیں لائے۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

وَ مَا تَنَزَّلَتْ بِهِ الشَّيٰطِيْنُ : یہ ذکر کرنے کے بعد کہ یہ قرآن رب العالمین کا نازل کردہ ہے، جسے جبریل امین لے کر آپ کے دل پر اترا ہے، اب ان لوگوں کی تردید فرمائی جو کہتے تھے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس یہ وحی شیطان لاتے ہیں، جیسا کہ جندب بن عبداللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک دفعہ جبریل علیہ السلام کی آمد رک گئی تو قریش کی ایک عورت کہنے لگی : ’’أَبْطَأَ عَلَيْهِ شَيْطَانُهُ‘‘ ’’اس کے شیطان نے اس کے پاس آنے میں دیر کر دی ہے۔‘‘ تو اس پر یہ آیات اتریں : ﴿ وَ الضُّحٰى (1) وَ الَّيْلِ اِذَا سَجٰى (2) مَا وَدَّعَكَ رَبُّكَ وَ مَا قَلٰى ﴾ [ الضحٰی : ۱ تا ۳ ] ’’قسم ہے دھوپ چڑھنے کے وقت کی! اور رات کی جب وہ چھا جائے! نہ تیرے رب نے تجھے چھوڑا اور نہ وہ ناراض ہوا۔‘‘ [ بخاري، التہجد، باب ترک القیام للمریض : ۱۱۲۵ ] اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اس قرآن کو لے کر شیاطین نہیں اترے کہ یہ جادو ہو یا کہانت ہو، یا شعر ہو یا اوٹ پٹانگ خواب ہوں، کیونکہ شیاطین کا سرمایہ یہی کچھ ہوتا ہے، پھر اللہ تعالیٰ نے شیاطین کے لیے اس کے ناممکن ہونے کی تین وجہیں بیان فرمائیں۔