سورة الكهف - آیت 1

الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَنزَلَ عَلَىٰ عَبْدِهِ الْكِتَابَ وَلَمْ يَجْعَل لَّهُ عِوَجًا ۜ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

تمام تعریفیں اسی اللہ کے لئے سزاوار ہیں جس نے اپنے بندے پر یہ قرآن اتارا اور اس میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی (١)۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِيْ ....: یہ سورت ان پانچ سورتوں میں شامل ہے جن کی ابتدا ’’ اَلْحَمْدُ ‘‘ کے ساتھ ہوئی ہے، دوسری چار سورتیں فاتحہ، انعام، سبا اور فاطر ہیں۔ پچھلی سورت کا خاتمہ بھی ’’ اَلْحَمْدُ ‘‘ کے ساتھ ہوا ہے۔ اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ ہر کام کی ابتدا اور انتہا اللہ کے پاکیزہ نام کے ساتھ یا اس کی حمد کے ساتھ کرنی چاہیے۔ ان تمام سورتوں میں سے ہر سورت کا طریقہ اگرچہ مختلف ہے مگر مقصود لوگوں کو اس بات کا یقین دلانا ہے کہ حمد کے لائق صرف اللہ تعالیٰ کی ذات پاک ہے، اور کوئی نہیں، کیونکہ کسی میں کوئی خوبی ہے تو اللہ تعالیٰ ہی کی عطا کر دہ ہے۔ الَّذِيْ اَنْزَلَ عَلٰى عَبْدِهِ الْكِتٰبَ : سورۂ فاتحہ میں اللہ تعالیٰ کے تمام حمد کا مالک ہونے کی دلیل کے لیے چار صفات بیان ہوئی ہیں، یہاں اللہ تعالیٰ کے تمام حمد اور خوبیوں کا مالک ہونے کی ایک ہی دلیل بیان کی گئی ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کا اپنے بندے پر ’’الْكِتٰبَ ‘‘ نازل فرمانا ہے۔ کیونکہ دوسرے تمام انعامات اگرچہ ایک دوسرے سے بڑھ کر ہیں مگر یہ نعمت سب سے اہم ہے، کیونکہ اس پر ہمیشہ کی زندگی یعنی اخروی کامیابی یا ناکامی کا دارومدار ہے۔ عَلٰى عَبْدِهِ: ’’اپنے بندے پر، اپنے غلام پر‘‘ اس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا خاص عبد قرار دینے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بے انتہا شان بیان ہوئی ہے، اگرچہ زمین و آسمان میں رہنے والی ہر چیز اللہ تعالیٰ کی غلام ہے، مگر ’’اپنا غلام‘‘ کہنے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جو عزت ملی وہ بہت کم لوگوں کو ملی ہے، جیسا کہ ﴿سُبْحٰنَ الَّذِيْ اَسْرٰى بِعَبْدِهٖ ﴾ [بنی إسرائیل : ۱ ] میں ہے اور اس کتاب کی بھی تعریف ہے جو نازل کی گئی۔ ’’الْكِتٰبَ ‘‘ میں الف لام عہد کا ہے، یعنی یہ کتاب، مراد قرآن کریم ہے، کیونکہ جب صرف ’’الْكِتٰبَ ‘‘ کہا جائے تو قرآن کریم ہی مراد ہوتا ہے، اس لیے کہ اس کے سوا کسی اور میں یہ کمال ہی نہیں کہ اسے ’’ الْكِتٰبَ ‘‘ کہا جا سکے۔ وَ لَمْ يَجْعَلْ لَّهٗ عِوَجًا: ’’عِوَجًا ‘‘کجی، ٹیڑھا پن۔ ’’عِوَجًا ‘‘پر تنوین عموم کے لیے ہے جو نفی کے بعد آکر مزید عام ہو گیا ہے، یعنی اس کتاب میں کسی بھی قسم کا کوئی ٹیڑھا پن نہیں، نہ الفاظ میں، نہ معانی میں، نہ فصاحت و بلاغت میں، نہ یہ کہ اس کی آیات کا آپس میں کوئی اختلاف ہو، یا اس کی کوئی خبر غلط نکلے، یا کوئی حکم حکمت سے خالی ہو۔ مزید دیکھیے سورۂ زمر (۲۸)، بنی اسرائیل (۹ ، ۱۰) اور نساء (۸۲)۔