سورة الاعراف - آیت 183
وَأُمْلِي لَهُمْ ۚ إِنَّ كَيْدِي مَتِينٌ
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
میں ان کو مہلت دیتا ہوں بیشک میری تدبیر بڑی مضبوط ہے (١)
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
1۔ وَ اُمْلِيْ لَهُمْ: ’’ اَمْلَي يُمْلِيْ اِمْلَائً ‘‘ لمبی مہلت دینے کو کہتے ہیں۔ 2۔ اِنَّ كَيْدِيْ مَتِيْنٌ: جس کی کسی حیلہ اور تدبیر سے مدافعت نہیں کی جا سکتی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’بے شک اللہ تعالیٰ ظالم کو مہلت دیتا ہے، یہاں تک کہ جب اسے پکڑتا ہے تو اسے بھاگ کر جانے نہیں دیتا۔‘‘ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت پڑھی : ﴿ وَ كَذٰلِكَ اَخْذُ رَبِّكَ اِذَاۤ اَخَذَ الْقُرٰى ﴾ [ ھود : ۱۰۲ ] [ بخاری، التفسیر، باب : وکذٰلک أخذ ربک....: ۴۶۸۶، عن أبی موسٰی رضی اللّٰہ عنہ ]