سورة الانعام - آیت 140

قَدْ خَسِرَ الَّذِينَ قَتَلُوا أَوْلَادَهُمْ سَفَهًا بِغَيْرِ عِلْمٍ وَحَرَّمُوا مَا رَزَقَهُمُ اللَّهُ افْتِرَاءً عَلَى اللَّهِ ۚ قَدْ ضَلُّوا وَمَا كَانُوا مُهْتَدِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

واقع ہی خرابی میں پڑگئے وہ لوگ جنہوں نے اپنی اولاد کو محض برائے حماقت بلا کسی سند کے قتل کر ڈالا اور جو چیزیں ان کو اللہ نے ان کو کھانے پینے کے لئے دی تھیں ان کو حرام کرلیا جو اللہ پر افترا باندھنے کے طور پر۔ بیشک یہ لوگ گمراہی میں پڑگئے اور کبھی راہ راست پر چلنے والے نہیں ہوئے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(140) مشر کین عرب نے تنگی رزق کے ڈر سے بیٹوں کو اور ننگ وعار کے خوف سے بیٹیوں کو قتل کیا، اور اللہ تعالیٰ نے جن جانوروں کا گوشت کھانا ان کے لیے حلال بتایا تھا اپنی خود ساختہ شریعت کے ذریعہ انہیں اپنے لیے حرام بنا لیا، اور اس طرح دنیا وآخرت کے ہر خسارے کے مستحق بنے، دنیا میں اولاد کھوئی اور اللہ کی نعمتوں سے محروم رہے، اور آخرت میں اللہ پر افترا پردازی کی وجہ سے عذاب الیم کے مستحق بنیں گے۔