سورة الانعام - آیت 128

وَيَوْمَ يَحْشُرُهُمْ جَمِيعًا يَا مَعْشَرَ الْجِنِّ قَدِ اسْتَكْثَرْتُم مِّنَ الْإِنسِ ۖ وَقَالَ أَوْلِيَاؤُهُم مِّنَ الْإِنسِ رَبَّنَا اسْتَمْتَعَ بَعْضُنَا بِبَعْضٍ وَبَلَغْنَا أَجَلَنَا الَّذِي أَجَّلْتَ لَنَا ۚ قَالَ النَّارُ مَثْوَاكُمْ خَالِدِينَ فِيهَا إِلَّا مَا شَاءَ اللَّهُ ۗ إِنَّ رَبَّكَ حَكِيمٌ عَلِيمٌ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

اور جس روز اللہ تعالیٰ تمام خلائق کو جمع کرے گا (کہے گا) اے جماعت جنات کی! تم نے انسانوں میں سے بہت سے اپنا لئے (١) جو انسان ان کے ساتھ تعلق رکھنے والے تھے وہ کہیں گے اے ہمارے پروردگار! ہم میں ایک نے دوسرے سے فائدہ حاصل کیا تھا (٢) اور ہم اپنی اس معین میعاد تک آپہنچے جو تو نے جو ہمارے لئے معین فرمائی اللہ فرمائے گا کہ تم سب کا ٹھکانہ دوزخ ہے جس میں ہمیشہ رہو گے ہاں اگر اللہ ہی کو منظور ہو تو دوسری بات ہے۔ (٣) بیشک آپ کا رب بڑی حکمت والا بڑا علم والا ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(127) مؤمنوں کے لیے انعام واکرام کا بیان ہوجانے کے بعد اب کافر جن وانس کا حال بیان کیا جا رہا ہے کہ اے محمد (ﷺ) ! آپ لوگوں کے لیے بیان کر دیجئے کہ جس دن ہم شیطان جنوں اور ان کے پیروکار انسانوں کو جمع کریں گے جو ان کی عبادت کیا کرتے تھے اور ان کی پناہ ڈھو نڈھتے تھے، اس دن ہم شیطان کو کہیں گے کہ تم نے انسانوں کو بہت گمراہ کیا تھا اور ان میں سے بہتوں کو اپنا تابع بنا لیا تھا تو آج تم سب کا انجام تمہاری آنکھوں کے سامنے ہے، اس کے جواب میں اس کے ماننے والے انسان اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہیں گے اے ہمارے رب ! دنیا میں ہم سب نے ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا یا تھا انسان جنوں کے ذریعے برائیوں اور مصیبتوں سے پناہ مانگتا تھا، اور اس کے عوض جنوں کی تعظیم کی جاتی تھی تو اللہ تعالیٰ اپنا فیصلہ صادر فرمائے گا، کہ آج تم سب کا ٹھکانا جہنم ہے۔ (128) یعنی اہل جہنم ہر وقت جہنم میں رہیں گے سوائے اس وقت جب اللہ تعالیٰ انہیں اس میں رکھنا نہیں چاہے گا، بعض نے اس کا معنی یہ بیان کیا ہے کہ سوائے ان بعض اوقات کے جب اللہ انہیں آگ کے علاوہ کوئی عذاب دینا چاہے گا، مثال کے طور پر جب زمہر یر یعنی، شدید ترین ٹھنڈک کا عذاب دینا چاہے گا۔ العیاذباللہ۔ اور بعض کا خیال ہے کہ اس سے مقصود محض اللہ تعالیٰ کی قدرت کاملہ کا اظہار ہے کہ اگر اللہ چاہے تو کافر کو عذاب نہ دے اس کی مرضی میں کون داخل دے سکتا ہے۔