سورة الانعام - آیت 33

قَدْ نَعْلَمُ إِنَّهُ لَيَحْزُنُكَ الَّذِي يَقُولُونَ ۖ فَإِنَّهُمْ لَا يُكَذِّبُونَكَ وَلَٰكِنَّ الظَّالِمِينَ بِآيَاتِ اللَّهِ يَجْحَدُونَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

ہم خوب جانتے ہیں کہ آپ کو ان کے اقوال مغموم کرتے ہیں، سو یہ لوگ آپ کو جھوٹا نہیں کہتے لیکن یہ ظالم تو اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے ہیں (١

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(36) اہل مکہ جب نبی (ﷺ) کی تکذیب کرتے، اور کفر وعناد میں حد سے تجاوز کرتے تو آپ کو بہت زیادہ تکلیف ہوتی اور غم وحزن میں مبتلا ہوجاتے اللہ تعالیٰ نے آپ کا یہ حال دیکھ کر اس آیت میں تسلی دی ہے۔ اور اللہ کے نزدیک آپ کا جو عظیم مقام ہے، اسے بتایا ہے، کہ اہل کفر جو کچھ آپ کے ساتھ برامعاملہ کررہے ہیں، تو درحقیقت وہ اللہ کے ساتھ برا معاملہ کررہے ہیں، اور ان سے شدید ترین انتقام لے کر رہے گا، علامہ ابو السعود نے اپنی تفسیر میں لکھا ہے کہ یہ آیت دلیل ہے اس بات کی کہ نبی (ﷺ) کا مقام اللہ تعالیٰ کے نزدیک اتنا بلند وبالا ہے کہ اس کے بعد کوئی مقام نہیں، اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کی تکذیب کو اپنی آیتوں کی تکذیب قرار دیا بلکہ نبی کریم (ﷺ) کی تکذیب کی نفی کردی اور اپنی آیتوں کی تکذیب ثابت کی۔