سورة الماعون - آیت 4

فَوَيْلٌ لِّلْمُصَلِّينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

ان نمازیوں کے لئے افسوس (اور ویل نامی جہنم کی جگہ) ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(4/5) ابن عباس (رض) کہتے ہیں کہ اس سے مراد وہ منافقین ہیں جو لوگوں کے سامنے تو نماز پڑھتے ہیں اور تنہائی میں نہیں پڑھتے اور مسروق وغیرہ کا خیال ہے کہ وہ لوگ نماز تو پڑھتے ہیں جیسا کہ للمصلین کے لفظ سے معلوم ہوتا ہے لیکن وہ نمازوں کو ان کے معین اوقات میں نہیں پڑھتے، اور عطاء بن دینار کا قول ہے کہ وہ لوگ نمازوں کو اول اوقات میں نہیں پڑھتے بلکہ ہمیشہ یا اکثر و بیشتر آخری وقت میں پڑھتے ہیں یا نماز پڑھتے وقت اس کے ارکان و شروط کا خیال نہیں رکھتے یا اس میں خشوع و خضوع کا خیال نہیں رکھتے ﴿ الَّذِينَ هُمْ عَن صَلَاتِهِمْ سَاهُونَ Ĭ کے الفاظ ان تمام ہی صورتوں کو شامل ہیں تو جس شخص میں ان میں سے ایک صفت پائی جائے گی اس کے اندر اسی حساب سے نماز سے غفلت پائی جائے گی اور جس کے اندر مذکورہ بالا تمام صفتیں پائی جائیں گی وہ مکمل عمل نفاق میں مبتلا ہوگا جیسا کہ صحیحین کی روایت ہے، رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا :” وہ منافق کی نماز ہے، وہ منافق کی نماز ہے، وہ منافق کی نماز ہے، بیٹھا آفتاب کو دیکھتا رہتا ہے، یہاں تک کہ جب وہ شیطان کی دو سینگوں کے درمیان پہنچ جاتا ہے تو چار بار ٹکر مار لیتا ہے، اللہ کو اس میں کم ہی یاد کرتا ہے“