جَزَاؤُهُمْ عِندَ رَبِّهِمْ جَنَّاتُ عَدْنٍ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِينَ فِيهَا أَبَدًا ۖ رَّضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ ۚ ذَٰلِكَ لِمَنْ خَشِيَ رَبَّهُ
ان کا بدلہ ان کے رب کے پاس ہمیشگی والی جنتیں ہیں جنکے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں جن میں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ اللہ ان سے راضی ہوا اور یہ اس سے راضی ہوئے (١) یہ ہے اس کے لئے جو اپنے پروردگار سے ڈرے۔
(8) اور موت کے بعد جب وہ اپنے رب سے ملیں گے تو رہائش کے لئے انہیں باغات عدن ملیں گے جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، ان جنتوں میں وہ ہمیشہ رہیں گے وہاں سے کبھی نہیں نکلیں گے اور نہ انہیں موت آئے گی اور وہاں انہیں ایسا آرام ملے گا جس سے زیادہ آرام و راحت کا تصور بھی نہیں کا جاسکتا۔ ان کے ایمان اور اطاعت و بندگی کے سبب اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہوجائے گا اور اللہ تعالیٰ کا ان پر جو فضل و کرم ہوگا اور انہیں جو جنت اور اس کی بیش بہا نعمتیں ملیں گی، اس کے سبب وہ بندگان نیک بھی اپنے رب سے راضی ہوجائیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے آیت کے آخر میں فرمایا کہ یہ جزائے عظیم اس بندے کو ملے گا جو دنیا میں اپنے رب سے ڈرتا رہے گا، اس کی نافرمانی نہیں کرے گا اس کی ا طاعت و بندگی میں اپنی زندگی گزارے گا یہاں تک کہ اس کی موت آجائے۔