إِنَّ الَّذِينَ فَتَنُوا الْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ ثُمَّ لَمْ يَتُوبُوا فَلَهُمْ عَذَابُ جَهَنَّمَ وَلَهُمْ عَذَابُ الْحَرِيقِ
بیشک جن لوگوں نے مسلمان مردوں اور عورتوں کو ستایا پھر توبہ (بھی) نہ کی تو ان کے لئے جہنم کا عذاب ہے اور جلنے کا عذاب ہے۔
(10)اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اصحاب اخدود کا انجام بیان فرمایا ہے جنہوں نے اللہ پر ایمان لانے والے اس کے نیک بندوں اور بندیوں کو آگ میں ڈال دیا اور اپنے گناہ سے تائب ہو کر دائرہ اسلام میں داخل نہیں ہوئے کہ قیامت کے دن ان کے کفرکے سبب اللہ تعالیٰ انہیں جہنم کا عذاب دے گا اور مومنوں کو آگ میں جلانے کے سبب انہیں دوہری عذاب نار میں مبتلا کرے گا بعض لوگوں نے لکھا ہے کہ پہلے انہیں جہنم میں زمہر یر یعنی شدید ترین ٹھنڈک کے ذریعہ عذاب دیا جائے گا، پھر آگ کے عذاب میں مبتلا کئے جائیں گے ربیع بن انس کا قول ہے کہ اصحاب اخدود نے جو آگ جلائی تھی اس نے خندق سے باہر نکل کر بادشاہ اور اس کے تمام ساتھیوں کو جلا دیا تھا۔