سورة النسآء - آیت 101

وَإِذَا ضَرَبْتُمْ فِي الْأَرْضِ فَلَيْسَ عَلَيْكُمْ جُنَاحٌ أَن تَقْصُرُوا مِنَ الصَّلَاةِ إِنْ خِفْتُمْ أَن يَفْتِنَكُمُ الَّذِينَ كَفَرُوا ۚ إِنَّ الْكَافِرِينَ كَانُوا لَكُمْ عَدُوًّا مُّبِينًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

جب تم سفر پر جا رہے ہو تو تم پر نمازوں کے قصر کرنے میں کوئی گناہ نہیں، اگر تمہیں ڈر ہو کہ کافر تمہیں ستائیں گے (١) یقیناً کفار تمہارے کھلے دشمن ہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

106۔ چونکہ ہجرت بغیر سفر کے ناممکن تھی، اسی لیے ہجرت کے احکام کے ساتھ سفر میں نماز کا حکم بیان کرنا مناسب ہوا، کہ مسلمان جب سفر میں ہوں تو چار رکعت والی نمازیں دو رکعت پڑھیں اور آیت میں İفَلَيْسَ عَلَيْكُمْ جُناحٌ Ĭیعنی تمہارے لیے کوئی حرج نہیں ہے سے جمہور نے استدلال کیا ہے کہ سفر میں قصر کرنا سنت ہے، واجب نہیں، مسلم، احمد، ابو داود اور ترمذی نے یعلی بن امیہ سے روایت کی ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ (ﷺ) سے اس آیت کے بارے میں پوچھا کیا امن ہوجانے کے بعد بھی نماز قصر پڑھی جائے گی؟ تو آپ نے فرمایا یہ اللہ کا صدقہ ہے، مسلمان اسے قبول کریں، اور رسول اللہ (ﷺ) کا عمل بھی یہی تھا کہ سفر میں آپ نے بغیر حالت خوف کے قصر کیا، اسی لیے علماء نے کہا ہے کہ İإِنْ خِفْتُمْĬ اگر خوف ہو تو قصر کرو، کی قید اس زمانہ میں مسلمانوں کا حال بیان کرنے کے لیے ہے، ورنہ قصر ہر سفر میں جائز ہے۔ ترمذی، نسائی اور ابن ابی شیبہ نے ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ نبی کریم (ﷺ) مدینہ منورہ سے سفر کے لیے نکلے، اور انہیں رب العالمین کے علاوہ کسی کا خوف نہیں تھا، اور آپ نے دو دو رکعت نماز پڑھی اور بخاری اور دوسرے محدثین نے انس (رض) سے روایت کی ہے کہ ہم لوگ رسول اللہ (ﷺ) کے ساتھ مدینہ سے مکہ کے لیے روانہ ہوئے، اور آپ دو دو رکعت نماز پڑھتے رہے، یہاں تک کہ ہم مدینہ لوٹ کر آگئے۔