مَّن يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّهَ ۖ وَمَن تَوَلَّىٰ فَمَا أَرْسَلْنَاكَ عَلَيْهِمْ حَفِيظًا
اس رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی جو اطاعت کرے اسی نے اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کی اور جو منہ پھیر لے تو ہم نے آپ کو کچھ ان پر نگہبان بنا کر نہیں بھیجا۔
87۔ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اطاعت رسول کی اہمیت بیان کی ہے، اور بتایا ہے کہ کوئی شخص رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کی نافرمانی کر کے اللہ کا فرمانبردار نہیں بن سکتا، رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کی سنت کی خلاف ورزی کر کے اللہ کی بندگی نہیں ہوسکتی۔ جیسا کہ ابھی کچھ ہی دیر پہلے آیت 59 کی تفسیر کے ضمن میں اس کی تفصیل آچکی ہے۔ اس کے بعد اللہ نے فرمایا کہ جو لوگ آپ کی اطاعت سے روگردانی کرتے ہیں انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیجئے، آپ کی ذمہ داری تو صرف ہمارا پیغام ان تک پہنچا دینا تھا، وہ آپ نے کردیا، اب جو شخص آپ کی اتباع کرے گا، وہ نیک بخت ہوگا اور جہنم سے نجات پا جائے گا اور جو روگردانی کرے گا، وہ دنیا و آخرت میں خسارہ پائے گا