سورة المرسلات - آیت 25

أَلَمْ نَجْعَلِ الْأَرْضَ كِفَاتًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

کیا ہم نے زمین کو سمیٹنے والی نہیں بنایا ؟

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(25/26) ان آیات کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے حضرت انسان کو اپنی بعض نعمتیں یاد دلائی ہیں جن کا تقاضا تھا کہ وہ اپنے رب کا شاکر و ذاکر بندہ بنتا ۔اللہ نے فرمایا : لوگو ! کیا ہم نے زمین کو تمہارے زندوں اور مردوں کے لئے جائے سکونت نہیں بنایا ہے، تمہارے زندے زمین پر بنے منازل و مساکن میں پناہ لیتے ہیں اور تمہارے مردہ افراد کو زمین اپنے اندر جگہ دیتی ہے، انہیں اپنے آپ سے چمٹا لیتی ہے، جس طرح محلات و قصور اللہ کی نعمت ہیں، اسی طرح قبریں بھی اس کی نعمت ہیں، جن میں مردے دفن کردیئے جاتے ہیں، تاکہ جانور اور دوسری چیزیں ان کی اہانت نہ کریں۔ دفن میت کی اسی اہمیت کے پیش نظر حافظ ابن عبدالبر نے امام مالک کے شاگرد ابن القاسم کا یہ قول نقل کیا ہے کہ کفن چور کا ہاتھ کاٹ لینا مشروع ہے، انہوں نے اسی آیت سے استدلال کیا ہے اور کہا ہے کہ قبر کی حیثیت مردہ کے لئے ویسی ہی ہے جیسی زندگی کے لئے گھر کی۔