وَاذْكُرِ اسْمَ رَبِّكَ بُكْرَةً وَأَصِيلًا
اور اپنے رب کے نام کا صبح شام ذکر کیا کر۔ (١)
(25/26)اور اپنے رب کے لئے نماز پڑھئے، تسبیح و ذکر میں مشغول رہئے اور ہاتھ پھیلا کر اس کے سامنے گریہ و زاری کیجیے اور راتوں میں اٹھ کر تہجد کی نماز پڑھئے اور دیر تک اپنے رب کی پاکی بیان کرتےرہئے ۔ نماز اللہ کی مدد حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، نبی کریم (ﷺ) کو جب کوئی پریشانی لاحق ہوتی یا کوئی اہم معاملہ پیش آتا تو آپ فوراً نماز پڑھنے لگتے، سورۃ البقرہ آیت (45) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے : ﴿وَاسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِ Ĭ ” اور صبر اور نماز کے ذریعے اللہ کی مدد طلب کرو“ اور سورۃ ق آیت (40) میں فرمایا ہے : ﴿وَمِنَ اللَّيْلِ فَسَبِّحْهُ وَأَدْبَارَ السُّجُودِ Ĭ ” اور رات کے کچھ حصے میں اللہ کی تسبیح کیجیے اور نمازوں کے بعد بھی“ رات میں اللہ کی تسبیح کرنے سے مراد تہجد کی نماز ہے۔