سورة الإنسان - آیت 20
وَإِذَا رَأَيْتَ ثَمَّ رَأَيْتَ نَعِيمًا وَمُلْكًا كَبِيرًا
ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب
تو وہاں جہاں کہیں بھی نظر ڈالے گا سراسر نعمتیں اور عظیم الشان سلطنت ہی دیکھے گا۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(20) نبی کریم (ﷺ) سے کہا جا رہا ہے کہ آپ جب جنت اور اہل جنت پر نگاہ ڈالیں گے تو وہاں لاتعداد نعمتیں اتنے وسیع و عریض علاقے میں پھیلی ہوئی دیکھیں گے جس کی وسعتوں کا آپ اندازہ نہیں لگا پائیں گے، ہر جنتی کے لئے الگ الگ خوبصورت محلات و قصور، سرسبز و شاداب باغات لذیذ ترین میوہ جات، بہتی نہریں، چہچہاتی چڑیاں، اور پری وش بیویاں ہوں گی، اور ان کے اردگرد پھیلے ہوئے غلمان ہوں گے، جو خدمت کے لئے ان کے اشاروں کے منتظر رہیں گے اور ان تمام نعمتوں سے بڑی نعمت اہل جنت کو یہ ملے گی کہ ان کا رب ان سے راضی ہوگا انہیں اس کا قرب حاصل ہوگا اور وہ جنت سے کبھی نہیں نکالے جائیں گے۔