سورة المزمل - آیت 15

إِنَّا أَرْسَلْنَا إِلَيْكُمْ رَسُولًا شَاهِدًا عَلَيْكُمْ كَمَا أَرْسَلْنَا إِلَىٰ فِرْعَوْنَ رَسُولًا

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

بیشک ہم نے تمہاری طرف بھی تم پر گواہی دینے والا (١) رسول بھیج دیا ہے جیسے کہ ہم نے فرعون کے پاس رسول بھیجا تھا۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(15)نبی کریم (ﷺ) کو کفار قریش کی اذیتوں پر صبر کی تلقین کے بعدفرعون موسیٰ کا ذکر اس مناسبت سے ہے کہ جس طرح فرعون اپنے کبر و غرور کی وجہ سے اللہ پر ایمان نہیں لایا اور ہلاک کردیا گیا، مجرمین مکہ کا انجام بھی ویسا ہی ہوسکتا ہے، اس لئے کہ یہ بھی حق کو جاننے اور پہچاننے کے بعد اللہ پر ایمان نہیں لا رہے ہیں اور اس کے نبی کی ایذا رسانی کے درپے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے اہل مکہ ! یا اے کفار عرب ! ہم نے محمد (ﷺ) کو تمہارے لئے نبی بنا کربھیجا ہے ۔ اور قیامت کے دن ہم تمہاری بد اعمالیوں کی گواہی دیں گے اور تب تمہارا انجام بہت ہی برا ہوگا جس طرح ہم نے فرعون کے پاس موسیٰ کو نبی بنا کر بھیجا تھا۔