وَأَنَّ الْمَسَاجِدَ لِلَّهِ فَلَا تَدْعُوا مَعَ اللَّهِ أَحَدًا
اور یہ مسجدیں صرف اللہ ہی کے لئے خاص ہیں پس اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی اور کو نہ پکارو۔ (١)
(18) اللہ تعالیٰ نے فرمایا : اور اے میرے نبی ! آپ کہہ دیجیے کہ مجھ پر یہ وحی بھی نازل ہوئی ہے کہ مسجدیں اللہ کی بندگی کے لئے خاص ہیں، اس لئے جب تم اس میں داخل ہو تو اللہ کے سوا کسی اور کو نہ پکارو اس آیت کریم میں مشرکین قریش کے احوال واقعی کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ وہ مسجد حرام میں (جو صرف اللہ کی عبادت کے لئے بنایا گیا تھا) اصنام و تماثیل رکھ کر ان کی پرستش کرتے تھے اور اہل کتاب کی طرف بھی اشارہ ہے جو اپنی عبادت گاہوں میں عزیز اور عیسیٰ کی عبادت کرتے تھے حالانکہ مسجدیں تو اس لئے بنائی جاتی ہیں کہ وہاں صرف اللہ کا نام لیا جائے۔ اسی لئے علمائے حنابلہ نے لکھا ہے کہ اللہ کے دین میں مسجد اور قبر ایک جگہ جمع نہیں ہو سکتیں، ان میں سے جو بھی بعد میں بنے گی اسے گرا دیا جائے گا۔