سورة نوح - آیت 21
قَالَ نُوحٌ رَّبِّ إِنَّهُمْ عَصَوْنِي وَاتَّبَعُوا مَن لَّمْ يَزِدْهُ مَالُهُ وَوَلَدُهُ إِلَّا خَسَارًا
ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی
نوح (علیہ السلام) نے کہا اے میرے پروردگار! ان لوگوں نے میری تو نافرمانی کی اور ایسوں کی فرمانبرداری کی جن کے مال و اولاد نے (یقیناً) نقصان ہی میں بڑھایا ہے (١)
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(21) نوح (علیہ السلام) کی داعیانہ تقریر اور ان کی وعظ و نصیحت کا ان کی کافر قوم پر کچھ بھی اثر نہ پڑا اور ان کا عناد بڑھتا ہی گیا تو انہوں نے اپنے رب سے ان کاشکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے رب ! میں نے انہیں جتنی باتوں کا حکم دیا ان سب میں انہوں نے میری نافرمانی کی اور ان عیش پرستوں اور مالداروں کی پیروی کی جن کے مال و دولت اور ان کی اولاد نے انہیں خسارے کے سوا کچھ بھی نہیں دیا، یعنی ان کے کفر و سرکشی میں اضافہ ہی ہوتا گیا۔