بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
شروع اللہ کے نام سے جو بیحد مہربان نہایت رحم والا ہے (سورۃ نوح۔ سورۃ نمبر ٧١۔ تعداد آیات ٢٨)
سورۃ نوح مکی ہے، اس میں اٹھائیس آیتیں اور دو رکوع ہیں تفسیر سورۃ نوح نام : پہلی آیت میں ہی نوح (علیہ السلام) کا نام آیا ہے، نیز اس سورت میں نوح (علیہ السلام) کی دعوت کا تفصیلی ذکر ہے، اسی لئے اس کا نام سورۃ نوح رکھ دیا گیا ہے۔ زمانہ نزول : یہ سورت سب کے نزدیک مکی ہے، ابن مردویہ وغیرہ نے عبداللہ بن زبیر (رض) سے روایت کی ہے کہ ﴿إِنَّا أَرْسَلْنَا نُوحًا Ĭ مکہ میں نازل ہوئی تھی اس سورۃ مبارکہ میں صرف نوح (علیہ السلام) کا واقعہ بیان کیا گیا ہے اس لئے کہ وہ واحد نبی تھے جو ساڑھے نو سو سال تک اپنی قوم کو توحید کی دعوت دیتے رہے اور انہیں شرک سے ڈراتے رہے۔ ان کی مدت نبوت کا ذکر سورۃ العنکبوت آیت (14)میں گذر چکا ہے ابن ابی شیبہ، ابن ابی حاتم، حاکم اور ابن مرویہ وغیرہ نے ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جب نوح کو رسول بنا کر مبعوث کیا تو اس وقت ان کی عمر چالیس سال تھی اس کے بعد وہ اپنی قوم کوساڑھے نوسو سال تک اللہ کی طرف بلاتے رہے اور طوفان کے بعد ساٹھ سال زندہ رہے یہاں تک کہ لوگوں کی تعداد کثیر ہوگئی اور چاروں طرف پھیل گئے۔