سورة التغابن - آیت 8

فَآمِنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ وَالنُّورِ الَّذِي أَنزَلْنَا ۚ وَاللَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ خَبِيرٌ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

سو تم اللہ پر اور اس کے رسول پر اور اس کے نور پر جسے ہم نے نازل فرمایا ہے ایمان لاؤ (١) اور اللہ تعالیٰ تمہارے ہر عمل پر باخبر ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(8) جب قیامت کا آنا، تمام انسانوں کا دوبارہ زندہ کیا جانا اور جزاء و سزا یقینی ہے تو لوگو ! تمہارے لئے اسی میں بھلائی ہے کہ اللہ، اس کے رسول اور قرآن کریم پر ایمان لے آؤ جس کی روشنی کفر و جہالت کی تاریکیوں کو یکسر ختم کردیتی ہے اور جس کی بدولت انسان اس راہ راست پر بے دھڑک چلتا جاتا ہے جو اسے جنت الفردوس تک پہنچا دیتی ہے۔ اور دنیا میں اس یقین کے ساتھ زندہ رہو کہ اللہ تمہاے تمام اعمال سےپوری طرح باخبر ہے، اس لئے قیامت کے دن کے عذاب سے نجات کی یہی ایک صورت ہے کہ ایمان باللہ اور عمل صالح کی راہ اختیار کرو۔