سورة الجمعة - آیت 6

قُلْ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ هَادُوا إِن زَعَمْتُمْ أَنَّكُمْ أَوْلِيَاءُ لِلَّهِ مِن دُونِ النَّاسِ فَتَمَنَّوُا الْمَوْتَ إِن كُنتُمْ صَادِقِينَ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

کہہ دیجئے کہ اے یہودیو! اگر تمہارا دعویٰ ہے کہ تم اللہ کے دوست ہو دوسرے لوگوں کے سوا (١) تم موت کی تمنا کرو (٢) اگر تم سچے ہو۔ (٣)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(6) یہود کہتے تھے کہ ہم اللہ کے بیٹے اور اس کے پیارے ہیں، جیسا کہ سورۃ المائدہ آیت (18) میں آیا ہے : نَحْنُ أَبْنَاءُ اللَّهِ وَأَحِبَّاؤُهُ ) اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے ان کے اسی دعویٰ کی نبی کریم (ﷺ) کی زبانی تکذیب کی ہے کہ اگر تمہارا گمان صادق ہے، تو اللہ کے سامنے اپنی تمنا کا اظہار کروتاکہ وہ تمہیں جلد ہی آخرت میں پہنچا دے اور جنت میں داخل کر دے تاکہ تم دنیا اور اس کے غموں سے نجات پا جاؤ۔