سورة الممتحنة - آیت 7

عَسَى اللَّهُ أَن يَجْعَلَ بَيْنَكُمْ وَبَيْنَ الَّذِينَ عَادَيْتُم مِّنْهُم مَّوَدَّةً ۚ وَاللَّهُ قَدِيرٌ ۚ وَاللَّهُ غَفُورٌ رَّحِيمٌ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

کیا عجب کہ عنقریب ہی اللہ تعالیٰ تم میں اور تمہارے دشمنوں میں محبت پیدا کر دے (١) اللہ کو سب قدرتیں ہیں اور اللہ (بڑا) غفور رحیم ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(7) اس آیت کریمہ میں مومنوں کو خوشخبری دی گئی ہے کہ آج تم اپنے جن کافر رشتہ داروں سے محض اللہ کی خاطر اظہار بیگانگی کر رہے ہو ان میں بہت سے لوگ مستقبل قریب میں ایمان لے آئیں گے اور پھر تمہاری عداوت، دوستی اور محبت میں بدل جائے گی چنانچہ ایسا ہی ہوا کہ کفار قریش نے فتح مکہ کے بعد جوق در جوق صفا پہاڑی پر آ کر نبی کریم (ﷺ) کے ہاتھوں پر بیعت کی اور مومنوں کی جماعت میں شامل ہوگئے۔