سورة الحشر - آیت 24

هُوَ اللَّهُ الْخَالِقُ الْبَارِئُ الْمُصَوِّرُ ۖ لَهُ الْأَسْمَاءُ الْحُسْنَىٰ ۚ يُسَبِّحُ لَهُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۖ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

وہی ہے اللہ پیدا کرنے والا وجود بخشنے والا (١) صورت بنانے والا، اسی کے لئے نہایت اچھے نام ہیں (٢) ہر چیز خواہ وہ آسمانوں میں ہو خواہ زمین میں ہو اس کی پاکی بیان کرتی ہے (٣) اور وہی غالب حکمت والا ہے (٤)۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(18) وہ تو وہ ہے جس نے تمام چیزوں کو اپنی حکمت کے تقاضے کے مطابق پیدا کیا ہے، انہیں عدم سے وجود میں لایا ہے اور پوری کائنات کی جیسی چاہی تصویر گری کی ہے، تمام اچھے اور پیارے نام صرف اسی کے لئے ہیں اور اسی کو زیب دیتے ہیں اور آسمانوں اور زمین میں پائے جانے والی تمام مخلوقات اسی کی پاکی بیان کرتی ہیں وہ بڑا ہی زبردست اور بڑی حکمتوں والا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے اسمائے حسنی سے متعق سورۃ الاعراف آیت (180) میں فرمایا ہے : ” اور اچھے اور پیارے نام اللہ ہی کے لئے ہیں، پس تم لوگ اسے انہی ناموں سے پکارو اور ایسے لوگوں سے تعلق نہ رکھو جو اس کے ناموں میں کج روی کرتے ہیں“ مزید تفصیل کے لئے اس آیت کی تفسیر دیکھ لیجیے۔ (وباللہ التوفیق)