سورة المجادلة - آیت 14

أَلَمْ تَرَ إِلَى الَّذِينَ تَوَلَّوْا قَوْمًا غَضِبَ اللَّهُ عَلَيْهِم مَّا هُم مِّنكُمْ وَلَا مِنْهُمْ وَيَحْلِفُونَ عَلَى الْكَذِبِ وَهُمْ يَعْلَمُونَ

ترجمہ جوناگڑھی - محمد جونا گڑھی

کیا تو نے ان لوگوں کو نہیں دیکھا ؟ جنہوں نے اس سے دوستی کی جن پر اللہ غضبناک ہوچکا ہے (١) نہ یہ (منافق) تمہارے ہی ہیں نہ ان کے ہیں (٢) باوجود علم کے پھر بھی جھوٹی قسمیں کھا رہے ہیں۔ (٣)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(11) جن دنوں یہ سورت مدینہ میں نازل ہوئی، ان دنوں منافقین کا نفاق انتہاء کو پہنچ چکا تھا، رات دن وہ لوگ یہودیوں کے ساتھ مل کر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں کرتے تھے اور انہیں نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کرتے تھے۔ اس آیت کریمہ میں انہی منافقین کا پردہ فاش کیا گیا ہے کہ وہ لوگ مسلمان نہیں ہیں اور نہ وہ یہودیوں میں سے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ الحشر آیت (11) میں بھی منافقوں کی اس حقیقت کو بیان فرمایا ہے اور کہا ہے : İأَلَمْ تَرَ إِلَى الَّذِينَ نَافَقُوا يَقُولُونَ لِإِخْوَانِهِمُ الَّذِينَ كَفَرُوا مِنْ أَهْلِ الْكِتَابِ لَئِنْ أُخْرِجْتُمْ لَنَخْرُجَنَّ مَعَكُمْĬ الآیۃ ” کیا آپ نے منافقوں کو نہیں دیکھا کہ اپنے اہل کتاب کافر بھائیوں سے کہتے ہیں اگر تم جلا وطن کئے گئے تو ہم بھی تمہارے ساتھ ضرور نکل کھڑے ہوں گے۔“ اور سورۃ النساء آیت (143) میں فرمایا ہے : İمُذَبْذَبِينَ بَيْنَ ذَلِكَ لَا إِلَى هَؤُلَاءِ وَلَا إِلَى هَؤُلَاءِĬ ” وہ درمیان میں ہی معلق ڈگمگا رہے ہیں نہ پورے ان کی طرف، نہ صحیح طور سے ان کی طرف“ İوَيَحْلِفُونَ عَلَى الْكَذِبِĬ کی تفسیر ابن جریر طبری نے یہ بیان کی ہے کہ منافقین رسول اللہ (ﷺ) سے کہتے تھے، ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ اللہ کے رسول ہیں، حالانکہ وہ اپنی گواہی میں جھوٹے ہوتے تھے، یعنی وہ جانتے تھے کہ صدق دل سے یہ گواہی نہیں دے رہے ہیں۔