سورة الحديد - آیت 23

لِّكَيْلَا تَأْسَوْا عَلَىٰ مَا فَاتَكُمْ وَلَا تَفْرَحُوا بِمَا آتَاكُمْ ۗ وَاللَّهُ لَا يُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُورٍ

ترجمہ مکہ - مولانا جوناگڑھی صاحب

تاکہ تم اپنے فوت شدہ کسی چیز پر رنجیدہ نہ ہوجایا کرو اور نہ عطا کردہ چیز پر گھمنڈ میں آجاؤ (١) اور گھمنڈ اور شیخی خوروں کو اللہ پسند نہیں فرماتا۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اور اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو یہ بات اس لئے بتائی ہے تاکہ یہ قاعدہ کلیہ ان کے ذہنوں میں ثبت ہوجائے اور خیر و شر جو بھی انہیں پہنچے اس کے بارے میں انہیں یقین رہے کہ یہ تو اللہ کی تقدیر تھی جسے بہر حال وقوع پذیر ہونا ہی تھا، تاکہ جو چیز انہیں نہیں ملی ہے اس کا غم نہ کریں اور جو نعمت انہیں ملی ہے اس پر اترانے نہ لگیں بلکہ اپنے اس مولیٰ کا شکر ادا کریں جس نے انہیں اس نعمت سے نوازا ہے اسی لئے آیت کے آخر میں اللہ نے فرمایا کہ وہ متکبر اور خود ستائی کرنے والے کو پسند نہیں کرتا، جو اللہ کی نعمتوں کو اپنی عقل و صلاحیت اور جاہ وحشمت کی طرف منسوب کرتا ہے، اور غایت سرکشی میں آ کر کہتا ہے کہ یہ تو ” مجھے محض میرے علم کی وجہ سے دیا گیا ہے حالانکہ وہ نعمتیں اسے بطور آزمائش دی گئی ہیں“